میدک کے دیہات میں قلت آب کے مسئلہ کو حل کرنے ٹھوس اقدامات کئے جائیں

   

میدک۔23 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کے تمام رورل علاقوں میں قلت آب سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ ضلع کے منڈلوں، حویلی گھن پور، ٹیکمال اور نرساپور کے علاقوں میں پانی کی قلت کی اطلاعات ہیں۔ یہاں قلت آب سے نمٹنے کے لیے 55 لاکھ کے مصارف سے بورویلس کی تنصیب کرکے موٹریں نصب کی گئی ہیں۔ میدک ضلع پریشد چیرپرسن محترمہ ہیمالتا گوڑ نے اپنے چیمبرس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے کسی بھی دیہات میں اگر کہیں پانی کی قلت واقع ہوتو فوری ان کے علم میں آتے ہی مثبت اقدامات کئے جائیں گے۔ اس طرح انہوں نے کہا کہ زرعی مقاصد کے لیے ابھی پانی کی موثر سربراہی کے لیے ریاستی حکومت کوشاں ہے۔ ہیمالتا نے کہا کہ محکمہ زراعت میں اگریکلچرل ایکسٹیشن آفیسرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے عمل اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کورونا وائرس سے متعلق کہا کہ عوام کو اس مہلک مرض سے بچائو کے لیے احتیاط برتنی ہوگی۔ کیوں کہ یہ مسئلہ ابھی ختم ہونے والا نہیں ہے۔ اس موقع پر ویلدرتی کے ضلع پریشد رکن یادگری گوڑ بھی موجود تھے۔