مسٹر انیل موقع واردات پر ہی ہلاک ،گاندھی بھون میں اجلاس میں شرکت کے بعد واپسی کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ
میدک۔ 15 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے منڈل کلچرم کے مقام وری گنتم روڈ پر پائترا گاؤں سے تعلق رکھنے والے یوتھ کانگریس قائد ماریلی انل 27 سالہ کو 14 جولائی کی شب 8:10 بجے نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ بتایا جاتا ہے کہ فائرنگ کے نتیجہ میں انیل ہلاک ہوگیا۔ حملہ آور جو کار میں سوار تھے، فرار ہوگئے۔ حملہ آور حیدرآباد سے انل کی کار کا تعاقب کرتے ہوئے وری گنتم کے برقی سب اسٹیشن کے قریب پہونچتے ہی انیل گولیاں چلادی گئی۔ تین گولیاں دائیں جانب سے کندھے پر لگی، جس میں ایک گولی دائیں بازو سے دل تک جا پہونچی۔ ایک اور گولی بائیں جانب بغل پر ماری گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوک گاندھی بھون میں منعقدہ ایک اجلاس میں شرکت کے بعد اپنے مقام پائترا واپس ہورہے تھے۔ ان کی کار میں کلچرم منڈل کے کانگریس صدر ملیشم گوڑ اور ایک ساتھی بھی سوار تھے جنہیں انیل ، پوتم منٹ یلما ایکس وے پر اُتارتے ہوئے آگے بڑھ گئے تھے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ملی اطلاع کے مطابق کڑپہ ضلع کے حلقہ اسمبلی پوروتور کے بعض سیاسی قائدین سے کاروبار میں انیل سے اَن بن تھی تاہم پولیس ہر زاویہ سے مصروف تحقیقات ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع پر مقامی منڈل سب انسپکٹر کلچرل محمد غوث اہلکاروں کے ساتھ فوری جائے حادثہ پر پہنچے۔ اس طرح بعد میں ڈی آئی جی چندر شیکھر، ایس پی میدک ڈی وی سرینواس راؤ، ایڈیشنل ایس پی میدک ایس مہیندر، ڈی ایس پی میدک پرسنا کمار نے بھی جمعیت کے ساتھ قتل کی واردات کے مقام وریگنتم پہنچ کر معائنہ کیا اور انیل کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم گورنمنٹ ضلع ہاسپٹل منتقل کردیا جہاں 15 جولائی کی شام 6 بجے نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ مقامی ڈاکٹروں کے علاوہ عثمانیہ دواخانہ سے بھی فارنسک ٹیم کی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کروایا گیا۔ متوفی انیل کے پسماندگان میں ضعیف والدین کے علاوہ شریک حیات اور دو کمسن لڑکے شامل ہیں جو پوسٹ مارٹم کے دوران رو رہے تھے۔ اس موقع پر کانگریس قائدین صدر ضلع کانگریس میدک انجنیلو گوڑ، انچارج، حلقہ نرساپور، راجی ریڈی کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ میدک کے گنگا جمنی تہذیب کے بانی و صدر مسٹر محمد وسیم نے ایمبولینس کے ذریعہ انیل کی نعش کو پائترا منتقل کیا۔