میرا امیج بگاڑنے کروڑوں کا خرچ ، راہول کا الزام

,

   


بی جے پی اور آر ایس ایس کی آمرانہ حکمرانی ، اندورمیں میڈیا سے بات چیت

اندور، : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے آج بی جے پی پر ان کی شبیہ کو خراب کرنے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایسآمرانہ طریقے سے حکومت چلا رہے ہیں اور ملک کی آواز سننے کو تیار نہیں ہیں۔راہول آج اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوران اندور کے قریب برولی میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے ۔ انہوں نے یاترا کے دوران ذاتی حملوں کے بارے میں کہا کہ بی جے پی اُن کی شبیہ کو خراب کرنے کے لیے ہزاروں کروڑ خرچ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس سے انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچ رہا ہے لیکن بی جے پی اس کام میں جتنا زیادہ پیسہ لگا رہی ہے ، اتنا ہی وہ مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے ان پر واضح ہوتا ہے کہ وہ صحیح سمت میں جا رہے ہیں۔ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا سارا پیسہ چند لوگوں کے ہاتھ میں دے دیا گیا ہے ۔ تمام صنعتوں پر چند لوگوں کا غلبہ ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے الزام لگایا کہ ملک کی بنیاد کے طور پر کام کرنے والے کسان کو پریشان چھوڑ دیا گیا ہے ۔ ہر جگہ پرائیویٹائزیشن کی وجہ سے حالات خراب ہو چکے ہیں۔ چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتیں، جن میں ترقی کے امکانات ہیں، تباہ ہو چکے ہیں۔ حکومت بننے کی صورت میں کانگریس کی توجہ کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ کانگریس کی توجہ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی طرف رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ پرائیویٹ سیکٹر اگر چاہے تو ان میں کام کر سکتا ہے ، لیکن ان میں حکومت کو زیادہ سے زیادہ رقم لگانی چاہیے ۔راہول نے کہا کہ ان کے دورے کا بنیادی مقصد ملک کو اس کی اصل فطرت، ثقافت اور ڈی این اے کی یاد دلانا ہے ۔