میرواعظ مولوی فاروق اور عبدالغنی لون کے یوم شہادت پر کشمیر میں مکمل ہڑتال ،کرفیو جیسی پابندیاں

,

   

سری نگر۔21مئی (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں منگل کے روز مرحوم میرواعظ مولوی محمد فاروق اور مرحوم عبدالغنی لون کی برسیوں کے موقع پر مکمل ہڑتال اور پائین شہر میں کرفیو جیسی پابندیوں سے معمول کی زندگی بری طرح متاثر رہی۔ ہڑتال کال مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی تھی اور کل جماعتی حریت کانفرنس نے دونوں حریت لیڈروں کی برسیوں کے حوالے سے حسب سابق ایک پروگرام مشتہر کیا تھا۔دریں اثنا حریت کانفرنس (ع) چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق کو اپنی رہائش گاہ پر نظر بند رکھا گیا۔ انہوں نے دوران نظربندی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ‘انتظامیہ کی جانب سے شہر میں سخت ترین بندشیں، مزار شہداء عیدگاہ سری نگر پر سخت پولیس اور فورسز کا پہرہ لوگوں کو اپنے محبوب قائد شہید ملت کے تئیں خراج عقیدت سے بظاہر روکنے کے لئے ہے لیکن یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ شہید ملت اور دیگر شہداء عوام کے دلوں میں رہتے اور بستے ہیں’۔میرواعظ نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا ‘قوم آج اپنے بلند پایہ اوربے لوث دینی و سیاسی قائد شہید ملت، 21 مئی کے شہدائے حول اور شہید حریت سمیت جملہ شہداء کشمیر کو ان کی عظیم قربانیوں کے لئے عقیدت و محبت کے پھول اس عزم کے ساتھ پیش کررہی ہے کہ ان کے مقدس مشن کی آبیاری اور تکمیل تک ہماری پر امن جدوجہد جاری رہے گی’۔

میرواعظ مولوی فاروق،عبدالغنی لون کشمیر کی دو عظیم شخصیات : شاہ فیصل
سری نگر۔21مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر پیپلز موومنٹ کے سربراہ اور سابق آئی اے ایس افسر ڈاکٹر شاہ فیصل نے میر واعظ مولوی فاروق اور عبدالغنی لون کو ان کی برسیوں کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں کشمیر کی عظیم المرتبت شخصیات قرار دیا ہے ۔ڈاکٹر فیصل نے اپنے ٹویٹ میں کہا ‘میرواعظ مولوی محمد فاروق اور عبدالغنی لون صاحب کشمیر کی دو عظیم شخصیات تھیں، 21 مئی کو اس دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جس دن کشمیر سے ان دو عظیم ہستیوں کو نامعلوم بندوق برادوں کی گولیوں نے چھینا’۔