پٹنہ : بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج کہا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈر سشیل کمار مودی ان کے خلاف بولنے سے پارٹی میں کچھ بن جاتے ہیں تو بولتے رہیں، اس سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔جمعرات کو یہاں نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو کے ساتھ یوم شہداء کے موقع پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کمار نے بی جے پی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سشیل کمار مودی کے کل کے بیان کے بعد اب کہا کہ کچھ لوگ میرے خلاف ہیں۔ جھوٹی بیان بازی کررہے ہیں۔ آپ نے دیکھا کہ وہ کیسے کہہ رہے تھے کہ میں نائب صدر بننا چاہتا تھا، نہیں بن سکا تو اتحاد توڑ دیا۔وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ سشیل نے جو بھی الزام لگایا ہے وہ پوری طرح سے جھوٹا اور بے بنیاد ہے ۔ سشیل پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ میرے خلاف کیا بولنا چاہتے ہیں، فی الحال وہ کچھ بھی نہیں ہیں، میرے خلاف بولنے سے اگر انہیں پارٹی میں کوئی ذمہ داری مل جاتی ہے تو یہ ان کے لیے بہتر ہے ۔ ایک وقت تھا جب کمار اور سشیل ہر جگہ ایک ساتھ نظر آتے تھے ۔ لیکن، بدلے ہوئے سیاسی منظر نامے کے بعد دونوں لیڈروں کے درمیان فاصلے اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے بھی پرہیز نہیں کر رہے ہیں۔