میرے والد جیل سے رہا ہوکر ایک بار پھر وزیراعظم بنیں گے : مریم نواز

,

   

Ferty9 Clinic

اسلام آباد ۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی دختر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کے (خان) استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ منڈی بہاؤ الدین میں اتوار کے روز نصف شب میں نکالی گئی ایک ریالی میں 45 سالہ مریم نواز جو پی ایم ایل (این) کی نائب صدر بھی ہیں، نے عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی اور یہ بھی کہا کہ 66 سالہ کرکٹر سے سیاستداں بننے والے عمران خان کو پاکستان پر حکومت کرنے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں ہے۔ ریالی سے خطاب کے دوران انہوں نے بار بار عمران خان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا اور وہاں موجود عوام سے بھی کہا کہ وہ عمران خان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے 69 سالہ علیل والد نواز شریف کو جیل بھیجنا حکومت وقت کا ایک بہت بڑا جرم ہے اور نواز شریف کو کسی ’’خفیہ طاقت‘‘ کے دباؤ میں آ کر سزائے قید دی گئی ہے تاہم مریم نواز کے اس دعوے کو عدالت کے جج ارشد ملک نے مسترد کردیا۔ مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نہ صرف جیل سے رہا ہوں گے بلکہ ایک بار پھر پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے اور اس بار وہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہوں گے۔