آج کل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، سی بی آئی اور انکم ٹیکس کی کوئی اہمیت نہیں رہی
میری بیوی ورشا راوت کو سمن بھجوانا انتقامی سیاست : شیوسینا لیڈر سنجے راوت
ممبئی : شیوسینا قائد سنجے راوت نے آج ایک اہم ریمارک کرتے ہوئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، سی بی آئی اور انکم ٹیکس کی اہمیت کو ماننے سے ہی انکار کرتے ہوئے کہا کہ کسی زمانے میں جب مذکورہ بالا ایجنسیاں حرکت میں آتی تھیں تو لوگ سمجھ جاتے تھے کہ کہیں کچھ نہ کچھ سنگین واقعہ ہوا ہے لیکن اب یہ حالت ہوگئی ہے کہ ان ایجنسیوں کو صرف سیاسی اختیارات دکھانے کے کھیل کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ صرف ایک دن قبل ہی سنجے داوت کی اہلیہ ورشا راوت کو پنجاب اینڈ مہاراشٹرا کوآپریٹیو بینک (PMC) میں لون فراڈ کیلئے 29 ڈسمبر کو حاضر ہونے کا سمن جاری کیا گیا ہے اور اس بات پر برہم سنجے راوت نے یہ بات کہی اور واضح طور پر کہہ دیا کہ سیاسی جنگ آمنے سامنے لڑی جانی چاہئے۔ میں نے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے اس سلسلے میں بات کی ہے اور شیوسینا اپنے طریقے سے اس بات کا جواب دے گی۔ خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ اب ای ڈی اور سی بی آئی کی اہمیت گھٹتی جارہی ہے بلکہ گزشتہ چند برسوں سے تو یہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ ایک مخصوص سیاسی جماعت جب غصہ میں آتی ہے تو ان ایجنسیوں کو حرکت میں لایا جاتا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنجے راوت نے مزید کہا کہ خود ان کے پاس بی جے پی کی ایک فائل ہے جس میں ایک دو نہیں بلکہ 121 ایسے نام ہیں جو گھوٹالوں میں ملوث ہیں ، اور وہ فائل بہت جلد ای ڈی کے حوالے کرنے والے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھوکہ دہی کے ایسے ایسے کیسیز ہیں اور اتنے زیادہ نام ہیں کہ ای ڈی کو تحقیقات کرتے کرتے پانچ سال لگ جائیں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ سنجے راوت کی اہلیہ ورشا راوت کو جو سمن روانہ کیا گیا ہے، اس کے مطابق انہیں ای ڈی کے ممبئی دفتر میں 29 ڈسمبر کو حاضر ہونا ہے۔ ای ڈی ورشا راوت اور پروین راوت کے درمیان مالی معاملتوں کی جانچ پڑتال کررہی ہے جبکہ پروین راوت حراست میں ہے۔ ورشا راوت کو بھی پنجاب اینڈ مہاراشٹرا کو آپریٹیو بینک کے ایک لون فراڈ (دھوکہ دہی) معاملہ میں پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ حالانکہ انہیں قبل ازیں دو بار سمن جاری کئے گئے تھے لیکن خرابی صحت کی وجہ سے وہ حاضر نہیں ہوسکی تھیں۔ آخری بار انہیں 11 ڈسمبر کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ شیوسینا اس وقت مہاراشٹرا میں کانگریس اور شرد پوار کی این سی پی کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے برسراقتدار ہے اور عرصہ دراز سے بی جے پی پر انتقامی سیاست کرنے کا الزام لگاتی آئی ہے۔ بی جے پی سے این سی پی میں شامل ہونے والے قائد ایکناتھ کھڈسے کو بھی منی لانڈرنگ کے کیس میں ای ڈی نے 30 ڈسمبر کو پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا ہے۔ مذکورہ بینک کے لون اکاؤنٹس میں بے قاعدگیاں پائی گئی ہیں اور پوچھ گچھ کا سلسلہ گزشتہ سال اکتوبر سے جاری ہے اور سب سے بڑا لون لینے والی ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر (HDIL) ہے جن کے پروموٹرس راکیش کمار ودھاون ، ان کے بیٹے سارنگ ودھاون، سابق صدرنشین وریم سنگھ اور سابق مینیجنگ ڈائریکٹر جوائے تھامس سے بھی ای ڈی نے پوچھ تاچھ کی ہے۔