میرے گھر کی طرح ’تمہاری اَنا ‘بھی ٹوٹے گی

,

   

ادھو ٹھاکرے کے خلاف اداکارہ کنگنارناوت کا اظہاربرہمی، گھر منہدم کرنے پر ناراضگی

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے گھر کی طرح تمہاری انا بھی ٹوٹے گی۔ کنگنا رناوت کے مکان میں قائم آفس کو ممبئی میونسپل کارپوریشن نے غیرقانونی قرار دیکر آج منہدم کردیا۔ کنگنا نے اس دفتر کو 48 کروڑ میں تعمیر کیا تھا۔ اس کارروائی پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر کئی ویڈیو شیئر کئے ہیں جن میں سے ایک مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر اور اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس بھی ہے جس میں فرنویس نے کنگنا رناوت کا گھر توڑے جانے کو یکطرفہ کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا حکومت کی حالیہ کارروائی سے ملک بھر میں ریاست کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ گھر توڑے جانے کے اپنے ویڈیو پیغام میں کنگنا رناوت نے چیف منسٹر مہاراشٹرا کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ ادھوٹھاکرے تمہیں کیا لگتا ہے؟ تم نے فلم مافیا کے ساتھ مل کر میرا گھر توڑ کر مجھ سے بہت بڑا بدلا لیا ہے۔ رناوت نے مزید کہا کہ آج میرا گھر ٹوٹا ہے کل تمہارا گھمنڈ ٹوٹے گا۔ یہ وقت کا پہیہ ہے اور وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا۔ بالی ووڈ کوئن اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ میرے ساتھ جو کچھ ہوا ہے اس کا کوئی مطلب اور مقصد ہے۔ ادھوٹھاکرے یہ دہشت اور نفرت کی کارروائی ہے۔ میری پراپرٹی میں کوئی بھی غیرقانونی نہیں۔ اس گھر کو بنانے کیلئے میں نے 15 سال سخت محنت کی۔ بی ایم سی نے میرے ممبئی واپس ہونے سے قبل ہی پراپرٹی کو توڑپھوڑ کی۔ کنگنا رناوت نے ٹوئیٹر پر اپنے گھر کو توڑے جانے کی ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے ’’ڈیتھ آف ڈیموکریسی‘‘ جیسی کے ہیش ٹیاگ کے ساتھ شیئر کیا ہے۔