میر واعظ کی پارلیمنٹ ہاوس میں جے پی سی چیرمین سے ملاقات

   

سری نگر : متحدہ مجلس علماء کے سربراہ اور حریت چیرمین میر واعظ مولوی عمر فاروق کی سربراہی میں علما کے ایک وفد نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاوس میں جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی (جے پی سی) کے چیرمین شری جگدمبیکاپال کے ساتھ ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفد نے مجوزہ وقف ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا ۔متحدہ مجلس علماء جو کہ جموں و کشمیر کی تمام بڑی اسلامی؍مسلم تنظیموں، علماء اور تعلیمی اداروں کی نمائندہ جماعت ہے نے مجوزہ وقف ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہارکیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ترامیم مسلم کمیونٹی کے مفادات کے خلاف ہیں اور تمام تسلیم شدہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔ وقف کی جائیدادیں مسلمانوں کی ذاتی ملکیت ہوتی ہیں جو اللہ کے نام پر اپنے معاشرے کی بہتری اور محروم طبقے کی مدد کے لیے وقف کی جاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مذہبی؍سماجی اداروں کو ریاست کی کم سے کم مداخلت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ تاہم، حکومت کی طرف سے مجوزہ ترامیم اس ادارے کی خودمختاری اور فعالیت کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔