میر پیٹ میں کم عمر لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی میں ملوث ٹولی گرفتار

   

حیدرآباد/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) میرپیٹ پولیس نے کم عمر لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی میں ملوث ٹولی کو گرفتار کرلیا ہے۔ راچہ کنڈہ میر پیٹ پولیس حدود میں اس واقعہ کے بعد سنسنی پھیل گئی تھی اور اجتماعی عصمت ریزی واقعہ کے بعد خواتین کی سلامتی سے متعلق پولیس پر سوالات اٹھائے جانے لگے تھے۔ راچہ کنڈہ پولیس نے واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی کمشنرپولیس دیویندر سنگھ چوہان ایل بی نگر پہنچ گئے اور وہیں کیمپ کرکے کارروائی کی نگرانی کررہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات دیر گئے میر پیٹ نندنا ونم علاقہ میں 16 سالہ لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی ۔ لڑکی کے مکان میں داخل ہوکر لڑکی کے گلے پر خنجر رکھا گیا اور چاقو کی نوک پرلڑکی کے بھائی اور بچوں کو عملاً بند کرکے اجتماعی عصمت ریزی کی گئی۔ لڑکی کی چیخ و پکار کے بعد ملزمین فرار ہوگئے۔ اس واقعہ کا سخت نوٹ لے کر پولیس نے ملزمین کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ دیویندر سنگھ چوہان نے پریس کانفرنس میں بتایاکہ 35 سالہ عابدین خالد ساکن منگل ہاٹ جو روڈی شیٹر ہے کے علاوہ 20 سالہ ایم مہیش ساکن نندناونم، 23 سالہ ایم نرسنگ ساکن نندنا ونم ، 20 سالہ اشرف ساکن نندنا ونم، 21 سالہ فیضل ساکن رسول پورہ اولڈ ملک پیٹ اور 20 سالہ عمران ساکن ملک پیٹ کو گرفتار کرلیا جبکہ تحسین مفرور ہے۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ روڈی شیٹر عابد نے متاثرہ لڑکی کو چند روز قبل اپنی ہوس کا شکار بنانے کی کوشش کی تھی اور جنسی خواہش پوری کرنے دباؤ ڈال رہا تھا تاہم لڑکی کے انکار پر اس نے اس گھناؤنی حرکت کا منصوبہ تیار کیا اور کل رات ساتھیوں مہیش، تحسین، نرسنگ اور دیگر کے ہمراہ لڑکی کے مکان میں داخل ہوگیا۔ لڑکی اس وقت اپنے بھائی اور رشتہ کے بھائیوں کے ساتھ موجود تھی۔ لڑکی کے گلے پر چاقو رکھ کر اس کے بھائیوں کو دھمکایا گیا اور لڑکی کی ایک کے بعد دیگر نے عصمت ریزی کی۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع کے بعد خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا۔ عابد جوہمنا آباد فرار ہوگیا تھا رقم حاصل کرنے کی خاطر دوبارہ شہر میں داخل ہوا ۔ عابدین خالد کو پولیس نے صنعت نگر سے گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمین کو مختلف مقامات سے گرفتار کیا ۔ عمران اور فیضل نے ملزمین کو فرار ہونے میں ان کی مدد کی تھی۔ پولیس نے لڑکی کے بیان پر مقدمہ درج کرلیا اور مفرور تحسین کی گرفتاری بہت جلد عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ روڈی شیٹر عابد کے خلاف سابق میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور وہ 18 تا 20 مقدمات میں ملوث ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ان ملزمین کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ع