میسی کی آمد پی ایس جی کے کوچ کیلئے درد سر

   

پیرس ۔ عالمی شہرت یافتہ فٹبال کھلاڑی لیونل میسی کی پیرس سینٹ جرمینس ٹیم میں آمد ہوئی ہے اور جہاں ٹیم انتظامیہ میسی کی آمد سے مسرور ہونے کے ساتھ رواں سیزن خطابات کی امید کررہے ہیں وہیں ٹیم کے کوچ موریشیو پوشیٹینو میدان میں اپنی بہترین ٹیم اتارنے کے لئے درد سر ہوسکتا ہے۔ میسی نے اتوار کو ایک جذباتی پریس کانفرنس کے ذریعہ بارسلونا کو الوداع کہہ دیا جس کے ساتھ ہی پیرس سینٹ جیرمینس (پی ایس جی) نے میسی کے ساتھ اپنے معاہدہ کو حتمی شکل دی۔ پیرس کے شمال میں واقع لابورگیٹ ایئرپورٹ پر میسی کا استقبال کرنے کے لئے سینکڑوں شائقین باہر ان کا انتظار کررہے تھے۔ 10 سال قبل قطر کے دولت مند شخص کی جانب سے اس کلب کو خریدے جانے کے بعد میسی سب سے بڑے اسٹار بنے ہیں۔ میسی کی آمد کے بعد ان کے سابق دوست اور برازیل کے اسٹار کھلاڑی نیمر کا ریکارڈ ٹوٹا ہے، جیسا کہ انہوں نے 2017 میں بارسلونا سے 261 ملین امریکی ڈالرس کے معاہدے کے بعد پی ایس جی میں شمولیت اختیار کی ہے لیکن ابمیسی کی آمد کے بعد یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا ہے۔ یہ کلب کبھی بھی اپنے کھلاڑی کے ذریعہ بالن ڈی اور ایوارڈ حاصل نہیں کیا جبکہ میسی نے اپنے کیریئر کے دوران 6 مرتبہ یہ باوقار ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ میسی کے نام بارسلونا کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے 672 گولس درج ہیں جس میں 2012 کا وہ شاندار سیزن بھی شامل ہے جس میں انہوں نے ایک ہی سیزن میں 50 گول اسکور کئے تھے۔ علاوہ ازیں انہوں نے اپنی ٹیم کو 8 اسپینش لیگ اور 6 چیمپینس لیگ دلوانے میں بھی کلیدی رول ادا کیا ہے۔ علاوہ ازیں میسی نے بارسلونا کو 4 چیمپینس لیگ خطابات دلوانے کے علاوہ اسی ایک کیلنڈر ایئر میں 91 گولس بھی اسکور کئے ہیں۔ نیز انہوں نے اپنی ٹیم ارجنٹینا کے لئے کوپا امریکہ خطاب بھی حاصل کیا ہے۔ میسی جو اس وقت 34 برس کے ہیں لیکن ان کی آمد کے بعد فرانس کے فٹبال کلب کے علاوہ اس سے آگے بھی وہ نوجوان کھلاڑیوں کو متاثر کریں گے۔ ان تمام مثبت پہلوؤں کے باوجود ٹیم کے کوچ موریشیو پوشیٹینو کے لئے درد سر یہ ہے کہ وہ ٹیم کا امتزاج کس طری تیار کریں گے کیونکہ میسی کی آمد سے پہلے ہی ٹیم کے پاس برازیل کے اسٹار کھلاڑی نیمر، فرانس کے ورلڈ کپ اسٹار کائلین ماپے، کوپا امریکہ کے میچ ونر فٹبالر اینجیل ڈی ماریا اور شاندار نشانہ لگانے والے ماؤرو اکارڈی موجود ہیں۔ ان تمام کھلاڑیوں کی موجودگی میں میسی کی آمد کے ساتھ سب سے زیادہ پریشانی ٹیم کے کوچ کو ہوگی۔ امید کی جارہی ہے کہ میسی کی آمد کے بعد پی ایس جی کی حکمت عملی 4-3-3 ہوگی۔ میسی سیدھے طرف کے اٹیک کے لئے موجود رہیں گے جبکہ نیمر بائیں طرف اور ماپے درمیانی حصے سے ٹیم کو مدد دیں گے۔ میسی جو بارسلونا کے لئے اپنے اس رول کو بخوبی نبھاچکے ہیں لہذا امید کی جارہی ہے کہ 4-3-3 کی حکمت عملی سے مڈفیلڈ کو زیادہ محفوظ بنایا جاسکتا ہے لیکن اس کے بعد ڈی ماریا کے لئے ٹیم میں جگہ نہیں ہوگی۔ ڈی ماریا کے لئے جگہ بنانے کے لئے ٹیم کی حکمت عملی 4-2-3-1 ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں 3-5-2 کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جاسکتا ہے اور اس حکمت عملی کے ذریعہ میسی کے ساتھ ماپے کو آگے کی طرف لیا جاسکتا ہے۔