میلاردیوپلی میں سڑک حادثہ ‘ 3 نوجوان ہلاک

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد : سائبر آباد کے علاقہ میلاردیوپلی میں کل رات ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ایک موٹر سائیکل پر سوار تین نوجوان برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد پرکاش ریڈی نے کہا کہ 35 سالہ شیخ قمرالدین اور اس کے دو ساتھی سید جمیل اور سید ببلو جن کا تعلق مہاراشٹرا ناندیڑ سے ہے علاقہ لنگر حوض میں مقیم ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کی شب 11.30 بجے مذکورہ نوجوان چندرائن گٹہ سے آرام گڑھ چوراہا ایک ٹی وی ایس ایکسل 100 گاڑی پر جارہے تھے اور غلط سمت بھی اختیار کئے ہوئے تھے ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ گاڑی چلانے والا شخص کا ایک ہاتھ مصنوعی ہے جس کے نتیجہ میں تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے دوران حادثہ کا شکار ہوگئے اور موٹر سائیکل بے قابو ہوکر سڑک پر پھسل گئی جس کے نتیجہ میں تینوں نیچے گرپڑے ۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والی سمنٹ سے لدی لاری نے انہیں روند دیا۔ تینوں نوجوان برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کی ٹیم وہاں پہنچ کر جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور یہ پتہ لگایا کہ مذکورہ نوجوان انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی چلارہے تھے اور وہ ہیلمٹ پہنے ہوئے نہیں تھے ۔ پولیس میلاردیوپلی نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔