پارٹی اور حکومت کی کارکردگی پر بات چیت، کئی وزراء نے بھی نئے انچارج سے ملاقات کی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ کانگریس کی نئی انچارج میناکشی نٹراجن سے دلکشا گیسٹ ہاؤز میں ملاقات کی اور ریاست کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ ہائی کمان کی جانب سے تقرر کے بعد میناکشی نٹراجن پہلی مرتبہ حیدرآباد پہنچی ہیں ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے میناکشی نٹراجن کے تقرر کا خیرمقدم کیا اور ریاست میں کانگریس پارٹی کے استحکام اور حکومت کی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں تعاون اور مشوروں کی امید ظاہر کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے میناکشی نٹراجن کو پارٹی کے استحکام کیلئے قائدین کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، جوپلی کرشنا راؤ ، کونڈآ سریکھا اور دوسروں نے بھی میناکشی نٹراجن سے ملاقات کی۔ ہائی کمان نے دیپا داس منشی کی جگہ 14 فروری کو میناکشی نٹراجن کو تلنگانہ کا انچارج مقرر کیا ہے۔ دیپا داس منشی کیرالا کی انچارج برقرار رہیں گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق میناکشی نٹراجن نے چیف منسٹر سے کہا کہ وہ پارٹی اورحکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ان سے ملاقات کریں گی۔1