حقیقی کارکنوں کو نظرانداز کرنے کی شکایت، سماجی انصاف کے تحت طبقات کو نمائندگی کا فیصلہ
حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کی تشکیل میں تاخیر کا امکان ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ہائی کمان اور سابق انچارج دیپاداس منشی سے مشاورت کرکے ورکنگ صدور ، نائب صدور اور دیگر عہدوں کیلئے ناموں کو قطعیت دی تھی۔ فہرست کی اجرائی سے عین قبل ہائی کمان نے میناکشی نٹراجن کو تلنگانہ کا نیا انچارج مقرر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس قائدین نے میناکشی نٹراجن سے شکایت کی کہ سابقہ فہرست میں حقیقی کارکنوں کو نظرانداز کردیا گیا ۔ میناکشی نٹراجن نے مہیش کمار گوڑ سے رپورٹ طلب کی اور کمیٹی میں بھاری تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ میناکشی نٹراجن نے واضح کردیا کہ اضلاع میں گزشتہ 10 برسوں میں پارٹی کیلئے جدوجہد کرنے والے کارکنوں کو عاملہ میں شامل کیا جائیگا۔ بی آر ایس حکومت میں مقدمات اور ہراسانی کا سامنا کرنے کے باوجود پارٹی کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین کو عاملہ میں شامل کرنے کی میناکشی نٹراجن نے نہ صرف ہدایت دی بلکہ ضلع کانگریس صدور سے ناموں کی فہرست طلب کی ۔ بتایا گیا کہ ارکان پارلیمنٹ اور اسمبلی نے ہائی کمان سے دیپا داس منشی کی شکایت کی تھی۔ کانگریس قائد راہول گاندھی اور پارٹی صدر ملکارجن کھرگے نے اِس کا سختی سے نوٹ لیا اور دیپاداس منشی کی جگہ میناکشی نٹراجن کو تلنگانہ کا انچارج مقرر کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ وزراء اور عوامی نمائندوں سے میناکشی نٹراجن نے حقیقی اور مستحق کارکنوں کے ناموں کی فہرست طلب کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ میناکشی نٹراجن چیف منسٹر ریونت ریڈی و صدر پردیش کانگریس مہیش گوڑ سے مشاورت کے بعد فہرست کو قطعیت دیں گی اور ہائی کمان کی منظوری کے بعد جاری کیا جائیگا۔ میناکشی نٹراجن نے عاملہ میں سماجی انصاف کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تاکہ تمام طبقات سے انصاف کیا جاسکے۔ میناکشی نٹراجن کے انداز کارکردگی سے پارٹی قائدین مطمئن ہیں اور اُنھیں اُمید ہے کہ عاملہ و سرکاری نامزد عہدوں میں حقیقی کارکنوں کو انصاف ملے گا۔ 1