رنگا ریڈی کے پرگی سے آغاز، متحدہ 6 اضلاع کا شیڈول جاری، پارٹی استحکام پر توجہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے استحکام اور تنظیمی ڈھانچہ کو مضبوط کرتے ہوئے مجالس مقامی چناؤ کی تیاری کے ضمن میں اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن نے متحدہ اضلاع میں 31 جولائی سے پد یاترا کا فیصلہ کیا ہے ۔ پد یاترا اور شرمدانم پروگرام کے شیڈول کا اعلان کیا گیا جس میں 6 اگست تک متحدہ 6 اضلاع کے 6 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کیا جائے گا۔ میناکشی نٹراجن کے ہمراہ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ پد یاترا میں شامل ہوں گے۔ پد یاترا کے کوآرڈینیٹرس کے طور پر رکن اسمبلی ایم ایس راج ٹھاکر، رکن کونسل شنکر نائک، ڈی آر وینکٹیش ، شریمتی جئے دھنا لکشمی اور ڈاکٹر پی انیل کمار کو مقرر کیا گیا ہے ۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 8 تا 10 کیلو میٹر پد یاترا کا اہتمام کیا جائے گا ۔ پد یاترا میں اسمبلی حلقہ کے علاوہ ضلع کے تمام سینئر قائدین شرکت کریں گے ۔ سرکاری اسکیمات کی عوام میں تشہیر کی جائے گی تاکہ مستحق خاندانوں تک اسکیمات کے فوائد پہنچ سکیں۔ میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ 31 جولائی شام 5 بجے رنگا ریڈی ضلع کے پرگی اسمبلی حلقہ سے پد یاترا کا آغاز کرینگے ۔ پرگی میں شب بسری کے بعد دوسرے دن پد یاترا اور ورکرس کا اجلاس ہوگا۔ 2 اگست کومیدک ضلع میں اندول اسمبلی حلقہ ، 3 اگست کو نظام آباد ضلع میں آرمور ، 4 اگست کو عادل آباد ضلع میں خانہ پور (ایس ٹی )، 5 اگست کو کریم نگر ضلع میں چپادنڈی (ایس سی ) اور 6 اگست کو ورنگل ضلع کے وردھنا پیٹ ( ایس سی) اسمبلی حلقہ میں پد یاترا کی جائے گی ۔ پد یاترا نے عوام سے ملاقات کرکے ان کے مسائل کی سماعت کی جائے گی۔ میناکشی نٹراجن نے اضلاع کے قائدین میں باہمی اشتراک کو مستحکم کرنے کی مساعی شروع کی ہے تاکہ مجالس مقامی کے انتخابات میں پارٹی کا مظاہرہ بہتر ہو۔1