حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی نئی انچارج میناکشی نٹراجن نے 28 فروری کو پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کا توسیعی اجلاس طلب کیا ہے۔ نئی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد میناکشی نٹراجن پہلی مرتبہ حیدرآباد پہنچ رہی ہیں اور وہ عاملہ کے توسیعی اجلاس میں پارٹی کے عوامی نمائندوں اور سینئر قائدین سے ملاقات کریں گی۔اجلاس گاندھی بھون میں صبح 11 بجے ہوگا جس کی صدارت صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کریں گے۔ اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، اے آئی سی سی سکریٹریز وشنو ناتھ، وشواناتھن، ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل، پولٹیکل افیرس کمیٹی کے ارکان اور سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ اجلاس میں حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ میناکشی نٹراجن کا شمار راہول گاندھی کے بااعتماد رفقاء میں ہوتا ہے۔ میناکشی نٹراجن نے راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ سے متعلق حکمت عملی پر بات چیت کی ہے۔ وہ اجلاس میں راہول گاندھی کے منصوبہ سے قائدین کو واقف کرائیں گے۔1