میٹرو ریل اور آر ٹی سی بسوں میں سفر کیلئے ایک ہی مشترکہ اسمارٹ کارڈ کا منصوبہ

   

روزانہ، ہفتہ وار اور ماہانہ پاسیس کیلئے قیمت طے، اسمبلی اجلاس کے اختتام کے بعد آغاز کی تیاری
حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹن شہر کے لاکھوں روزمرہ مسافرین اور ملازمت پیشہ افراد کے لئے ایک شاندار سہولت کا آغاز ہونے جارہا ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل اور تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (TGSRTC) نے باہمی اشتراک سے مسافروں کو ایک ہی سنگل پاس کے ذریعہ دونوں ذرائع آمد و رفت میں بلا تعطل سفر کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جاری تلنگانہ اسمبلی اجلاس کے اختتام کے بعد اس مشترکہ پاس کے اجرائی کا اعلان کیا جائے گا۔ آر ٹی سی انتظامیہ کی جانب سے حکومت کو روانہ کی گئی تفصیلی تجویز اور رپورٹ کے مطابق یہ مشترکہ پاس ایک دن، ایک ہفتہ اور ایک مہینے کی تین مختلف اور آسان زمروں میں دستیاب ہوں گے۔ اس پاس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ مسافر میٹرو ریل کے علاوہ آر ٹی سی کی عام بسوں سے لے کر اے سی بسوں تک تمام اقسام کی بسوں میں آؤٹر رنگ روڈ حدود تک آزادانہ سفر کرسکیں گے تاہم فی الوقت ایم ایم ٹی ایس، لوکل ٹرینوں اور سیٹ ون بسوں کو اس پاس کے دائرہ کار میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ آر ٹی سی اور میٹرو ریل انتظامیہ نے کرایوں کا جو شیڈول تیار کرکے حکومت کو منظوری کے لئے بھیجا ہے وہ کچھ اس طرح ہے۔ یومیہ آر ٹی سی بسوں کے لئے 100 روپے اور میٹرو ریل کے لئے 200 روپے جملہ 350 روپے ایک ہفتے کے لئے آر ٹی سی بسوں میں 400 روپے اور میٹرو ریل کے لئے 1800 روپے جملہ 2200 روپے ماہانہ آر ٹی سی بسوں کے لئے 1500 روپے میٹرو ریل کے لئے 6000 روپے اور جملہ 7500 روپے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔ اس سنگل کارڈ سسٹم کے نافذ ہوتے ہی حیدرآباد کے شہریوں کو میٹرو ریل اور آر ٹی سی بسوں کے لئے الگ الگ ٹکٹ یا کارڈس خریدنے کی جھنجھٹ سے مکمل نجات مل جائے گی جس سے ان کے وقت اور رقم دونوں کی بڑی بچت ہوگی۔ 2؍F m/b/