100 بستروں والے دواخانوں کی نرسنگ کالجس میں تبدیلی ، ضلع واری سطح پر نوجوانوں کے لیے اسکل سنٹر
حیدرآباد۔یکم۔جنوری(سیاست نیوز) میٹرو ریل یا فارما سٹی کے منصوبہ کو ترک نہیں کیا گیا ہے بلکہ ریاستی حکومت ائیر پورٹ تک میٹرو ریل اور فارما سٹی کے منصوبہ میں ترمیم کرتے ہوئے اسے باقاعدہ بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے گچی باؤلی تا ائیر پورٹ میٹرو ریل کے منصوبہ کے متعلق جاری قیاس آرائیوں کے علاوہ فارما سٹی کے قیام کے منصوبہ کو ترک کئے جانے کی اطلاعات پر آج وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شمس آباد ائیر پورٹ تک میٹرو ریل کی سہولت یقینی بنائی جائے گی لیکن راہداریوں میں تبدیلی کے ساتھ یہ سہولت تعمیر کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے ہر ضلع میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کرتے ہوئے مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاست میں جہاں کہیں 100 بستروں والے ہاسپٹل موجود ہیں ان دواخانوں کو نرسنگ کالجس میں تبدیل کرتے ہوئے اپ گریڈ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے سال نو 2024 کے موقع پرصحافتی اداروں کے نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کے دوران کہا کہ بی ایچ ای ایل تا شمس آباد ائیر پورٹ میٹرو ریل کے کام انجام دیئے جائیں گے اور پرانے شہر سے گذر کر ہی میٹرو ریل شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ ناگول سے براہ اویسی ہاسپٹل جنکشن‘ چندرائن گٹہ میٹرو ریل شمس آباد ائیر پورٹ جانے والی میٹرو ریل سے مربوط کی جائے گی ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے گچی باؤلی ‘ مائنڈ اسپیس سے شمس آباد ائیر پورٹ کے لئے میٹرو راہداری کے سلسلہ میں جاری اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد اس میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ گچی باؤلی سے شمس آباد ائیرپورٹ کے لئے مسافرین کی تعداد کافی کم ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو ریل کی راہداری پر نئے کلسٹر قائم کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے فارما صنعت کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ فارما سٹی کے نام پر جاری منصوبہ کو مکمل طور پر ختم نہیں کیاگیا ہے بلکہ اس میں بھی تبدیلی لاتے ہوئے اسے نئے طریقہ سے قابل عمل بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایم جی بی ایس سے فلک نمامیٹرو ریل راہداری کو وسعت دیتے ہوئے اسے ائیر پورٹ تک توسیع کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور ائیر پورٹ تک جانے والی میٹرو ریل راہداری سے ایل بی نگر سے آنے والی میٹرو ریل کو مربوط کیا جائے گا جو کہ چندرائن گٹہ سے ائیرپورٹ جانے والی راہداری کو جوڑا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سابقہ حکومت نے جو میٹروراہداری تیار کی تھی اس کے لئے جو تخمینہ لگایا گیا تھا ان کی حکومت کی جانب سے تیار کی گئی راہداری پر اس سے کم تخمینی لاگت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ریجنل رنگ روڈ اور موجودہ رنگ روڈ کے درمیان ماحولیاتی آلودگی کے بغیر صنعتی کلسٹرس کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور فارماکمپنیوں کو جگہ فراہم کی جائے گی جو کہ ماحولیاتی آلودگی کے بغیر کام کرپائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان صنعتی کلسٹرس میں صنعتی ملازمین کے لئے امکنہ اسکیم بھی تیار کی جائے گی تاکہ ان کلسٹرس میں خدمات انجام دینے والوں کو سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاست میں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے خصوصی ہنر سکھانے والی جامعات کے قیام کے سلسلہ میں تبادلہ خیال جاری ہے۔ انہو ں بتایا کہ ان کی حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے ضلع واری اساس پر مراکز کے قیام پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور عالمی شہرت یافتہ صنعتی اداروں کے اشتراک سے ان مراکز کے قیام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہو ںنے کہا کہ ان مراکز میں تربیت کی فراہمی کے بعد ریاستی حکومت ان ممالک میں جہاں افرادی قوت درکار ہے ان ممالک کو ان نوجوانوں کو روانہ کرنے کے اقدامات کرے گی تاکہ ان کے مستقبل کو تابناک بنایا جاسکے۔3