حیدرآباد۔/20جولائی، ( سیاست نیوز)حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ نے خیریت آباد کے علاقہ میں میٹرو ریل کے پلرس میں بڑے پیمانے پر دراڑ کی تردید کی ہے۔ میٹرو ریل کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر کرشنانند نے ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے مسٹر ایم وی ایس ریڈی منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے حوالے سے بتایا کہ جس پلر کی تصویر دکھائی گئی ہے اس کا میٹرو ریل سے تعلق نہیں ہے اور اس پربریج کا کوئی وزن نہیں ہے بلکہ یہ ایک مصنوعی اینٹوں کی دیوار ہے جس کے ذریعہ پانی اور سیوریج پائپ لائن کو گذارا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دیوار میں یہ دراڑ حال ہی میں اسوقت ہوئی جب ایک ہیوی وہیکل نے اسے ٹکر دے دی۔ اس سلسلہ میں خاطیوں کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر نے مزید بتایا کہ ایل اینڈ ٹی کے حکام کو مرمتی کاموں کے سلسلہ میں توجہ دلائی گئی ہے اور اس طرح کے واقعات میں فوری مرمتی کاموں کا سسٹم موجود ہے۔
