میٹرو میں طلبہ کو 50 فیصد ڈسکاؤنٹ کیلئے کجریوال کا مودی کو مکتوب

   

نئی دہلی : عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر طلباء کو میٹرو میں 50 فیصد چھوٹ دینے کی درخواست کی ہے ۔ کجریوال نے آج مسٹر مودی کو ایک خط لکھا میں یہ خط دہلی کے اسکول اور کالج کے طلباء سے متعلق ایک اہم معاملے کی طرف آپ کی توجہ مبذول کرانے کے لیے لکھ رہا ہوں۔ دہلی کے طلباء اپنے اسکولوں اور کالجوں کا سفر کرنے کے لیے زیادہ تر میٹرو پر انحصار کرتے ہیں۔ طلباء پر مالی بوجھ کو کم کرنے کے لئے میں دہلی میٹرو میں طلباء کو 50 فیصد رعایت فراہم کرنے کی تجویز پیش کرتا ہوں۔ دہلی میٹرو دہلی حکومت اور مرکزی حکومت کے درمیان 50:50 فیصد تعاون کا پروجیکٹ ہے ۔ اس لیے دہلی حکومت اور مرکزی حکومت کو اس پر آدھا خرچ برداشت کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے ہم طلباء کے لیے بس کا سفر مکمل طور پر مفت کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ مجھے پوری امید ہے کہ آپ اس تجویز سے اتفاق کریں گے ۔