میٹرو ٹرین ، آر ٹی سی اور دیگر ذرائع سے سفر کے لیے مشترکہ کارڈ

   

منصوبہ تیاری کی ہدایت ، چیف سکریٹری ایس کے جوشی کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔27مارچ(سیاست نیوز) میٹرو ریل ‘ آرٹی سی اور دیگر ذرائع سفر استعمال کرنے والے صارفین کو ادائیگی کیلئے ایک کارڈ متعارف کروانے کے سلسلہ میں حکومت تلنگانہ غور کررہی ہے اور ایک ہی کارڈ کے ذریعہ تمام کو ادائیگی یقینی بنانے کیلئے منصوبہ تیار کرنے کی چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی نے ہدایت دی ہے ۔ مسٹر ایس کے جوشی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مسٹر اروند کمار پرنسپل سیکریٹری ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق‘ مسٹر جئیش رنجن چیف ایکزیکیٹیو آفیسر انفارمیشن ٹکنالوجی‘ مسٹر سنیل شرما چیف ایکزیکیٹیو آفیسر ‘ مسٹر این وی ایس ریڈی منیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو ریل ‘چیف جنرل مینیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹر کے وی راؤ‘ مسٹر پروشوتم نائک ایکزیکیٹیو ڈائریکٹر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے علاوہ اولا ‘ اوبر کے علاوہ دیگر خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ذمہ داروں نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی نے شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں حیدرآباد میٹرو ریل کے ذریعہ سفر کرنے والوں کے علاوہ دیگر سفری سہولیات سے استفادہ کرنے والوں کی سہولت کے لئے ایک نیا نظام متعارف کروانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسافرین کو نیشنل پے منٹ کارپوریشن آف انڈیا سے مربوط ایک نیا کارڈ فراہم کرتے ہوئے انہیں سہولت فراہم کی جا سکتی ہے اور

اس کے لئے عصری ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مسافرین کیلئے آسانیاں پیدا کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت ہند کی جانب سے کی جانے والی سفارشات کے مطابق شہریوں کو نیشنل کامن موبیلیٹی کارڈ کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جانے کی ضرورت ہے کیونکہ حکومت ہند نے بھی اس سہولت کو روشناس کروانے کے سلسلہ میں متعدد اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ اس کارڈ کی اجرائی کے اقدامات کو یقینی بنائے جانے کی صورت میں مسافرین حیدرآباد میٹرو ریل‘ ایم ایم ٹی ایس ‘ آٹو ‘ بس ‘ اولا اور اوبر جیسی خانگی خدمات سے بھی استفادہ کے اہل رہیں گے اور انہیں کسی بھی مقام پر ادائیگی کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ کارڈ سوائپ کرتے ہوئے ادائیگی کو ممکن بنا سکتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ عالمی سطح پر زیر استعمال کارڈ ٹیکنالوجی کا جائزہ لیتے ہوئے ان کارڈس کی تیاری کے منصوبہ کو قطعیت دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں جاری کی جانے والی ہدایت پر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے عاجلانہ تجاویز روانہ کرتے ہوئے ان پر عمل آوری کے اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔