میٹھے مشروبات، تمباکو اور الکحل پر ٹیکس میں کم از کم 50 فیصد اضافہ کیا جائے :ڈبلیو ایچ او

   

نئی دہلی، 3 جولائی (یواین آئی) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے موٹاپے ، کینسر اور ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر میٹھے مشروبات، تمباکو، الکحل اور چینی پر سال 2035 تک ٹیکس میں کم از کم 50 فیصد اضافہ کرنے پر زور دیا ہے ۔ ڈبلیو ایچ او نے آج ان تینوں بیماریوں کے علاج کی بھاری لاگت کے پیش نظر ٹیکس سے متعلق اپنے ’’3 بائی 35‘‘ اقدام کی نقاب کشائی کی۔ یہ اقدام لوگوں کو ان اشیاء کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے ہے تاکہ لوگ ان کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے انھیں خریدنے سے گریز کریں۔ یہ اقدام دل کی بیماری، کینسر اور ذیابیطس جیسے غیر متعدی امراض (این سی ڈی) کے بڑھتے ہوئے عالمی بوجھ کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے ۔ دنیا بھر میں 75 فیصد سے زیادہ اموات ان تین بیماریوں سے ہوتی ہیں۔