میچ کے دوران آسمان سے بجلی گرنے سے فٹبالر کی موت

   

کوالا لمپور ۔ انڈونیشیا سے دل دہلا دینے والا ویڈیو منظر عام پر آیا ہے۔ یہ ایک ایسا ویڈیو ہے جو سب کے ہوش اڑا دے گا ۔ انڈونیشیا کے شہر بنڈونگ میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک کھلاڑی ہلاک ہوگیا۔ خراب موسم کے درمیان کھیلے جا رہے میچ میں اچانک اس کھلاڑی کے سر پر بجلی گری اور وہ میدان میں گرگیا۔ اس حادثے نے میدان میں موجود کھلاڑیوں کو چونکا دیا۔ یہی نہیں اس واقعے کی ویڈیو بھی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا اور اب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ انڈونیشیا کی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ10 فروری کو اس وقت پیش آیا جب بنڈونگ کے سلیوانگی اسٹیڈیم میں دو مقامی کلبوں کے درمیان فٹبال میچ ہو رہا تھا۔ میچ شروع ہوئے بمشکل 15 منٹ ہی گزرے تھے کہ موسم خراب ہونے لگا۔ حالانکہ بارش نہیں ہو رہی تھی، لیکن آسمان ابر آلود ہونا شروع ہوگیا تھا اور پھر پہلی بار آسمانی بجلی گری۔ اس وقت تو کوئی حادثہ نہیں ہوا تھا لیکن اگلے ہی سیکنڈ میں دوسری بارآسمانی بجلی چمکی اور اس بار اس نے ایک فٹبالرکو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اس واقعے کی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ فٹبال میچ جاری تھاکہ اچانک آسمانی بجلی میدان کے ایک حصے میں کھڑے کھلاڑی پر ٹکرا گئی جس کے بعد آگ بھی نکل گئی۔ جس کھلاڑی پر آسمانی بجلی گری وہ اسی وقت میدان میں گرگیا جبکہ آواز اور دھماکے سے کچھ فاصلے پرکھڑا دوسرا کھلاڑی بھی گر گیا۔ کچھ دوسرے کھلاڑی خود کو بچانے کے لیے نیچے جھک گئے جبکہ کچھ نے بھاگنا شروع کردیا۔ سیکنڈوں میں جب سب کو معلوم ہو گیا کہ کیا ہوا ہے تو وہ اپنے ساتھی کی طرف بھاگے جو بے ہوش ہو گیا تھا اور اسے جگانے کی کوشش کی۔ رپورٹ کے مطابق 30 سالہ کھلاڑی کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔