میڈل ونر ریسلر نشا کے قتل کی خبر غلط، ویڈیو جاری غلط شناخت سے الجھن

   

Ferty9 Clinic

سونی پت : ورلڈ چمپئن شپ میں برونز میڈل جیت کر ملک کیلئے خوشی کا سامان فراہم کرنے والی ریسلر نشا داہیا کو 5 روز بعد آج ہریانہ کے سونی پت میں واقع سشیل کمار ریسلنگ اکیڈیمی میں گولی مار کر قتل کردینے کی خبر چند گھنٹوں بعد غلط ثابت ہوئی۔ خود نشا داہیا نے اپنا ایک ویڈیو ’انسٹاگرام‘ پر جاری کیا جس میں ان کے ساتھ اولمپک میڈلسٹ ساکشی ملک بھی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور غلط شناخت کی وجہ سے ان کے قتل کی اطلاع پھیل گئی۔ دراصل جونیر ریسلر نشا یادو کا اکیڈیمی کے قریب قتل ہوا جس پر مقامی لوگوں نے برہمی کے عالم میں اکیڈیمی میں توڑ پھوڑ کی۔ پولیس نے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت ابھی نہیں ہوئی ہے اور اس شوٹنگ کا سبب بھی معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ نشا نے گزشتہ ہفتے سربیا کے بلغراد میں منعقدہ ورلڈ انڈر ۔23 چمپئن شپس میں 65kg کیٹیگری کا برونز میڈل جیتا تھا۔ اتفاق سے آج صبح ہی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئیٹر پوسٹ کے ذریعہ نشا اور کئی دیگر میڈل ونرس کو مبارکباد دی تھی۔
ہریانہ کا سونی پت علاقہ اس طرح کے جرائم کیلئے بدنام ہے جہاں وقفہ وقفہ سے ایسے واقعات پیش آتے ہیں۔