امیدواروں کی فہرست کی اجرائی ، وائس چانسلر کالوجی نارائن راؤ میڈیکل ہیلت یونیورسٹی کا بیان
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں سے متعلق امیدواروں کو اپنے نام رجسٹریشن کروالینے کے لیے بہت جلد نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا ۔ وائس چانسلر کالوجی نارائن راؤ میڈیکل ہیلت یونیورسٹی ڈاکٹر کروناکر ریڈی نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ اب تک ہی ہیلت یونیورسٹی کی جانب سے امیدواروں ( طلباء ) کی لسٹ کو ویب سائٹ پر مشاہدہ کے لیے دستیاب رکھی جاچکی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محفوظ کوٹہ کے تحت آندھرا علاقہ سے تعلق رکھنے والے ایسے طلباء جنہوں نے اہلیت حاصل کی ہیں ۔ ان کے ناموں کو بھی فی الوقت دستیاب رکھی ہوئی لسٹ میں شامل کیا جائے گا ۔ اس کی وجہ سے رینکس میں فرق آئے گا ۔ لیکن اصل صداقت ناموں کی جانچ کے بعد مکمل میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیٹ 2019 کے جاری کردہ نتائج کی روشنی میں دیگر ریاستوں کے مقابلوں میں تلنگانہ طلباء نے اپنی بہتر صلاحیتوں کا مظاہرہ کیے ہیں ۔ علاوہ ازیں گذشتہ سال یعنی نیٹ 2018 کے نتائج سے جاریہ سال یعنی نیٹ 2019 کے نتائج کا تقابلی جائزہ لینے سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ گذشتہ کے نتائج کے مقابلہ میں حاصل ہوئے نشانات کے فیصد اور کوالیفائیڈ ہونے والے طلباء کی تعداد میں اس مرتبہ کافی اضافہ ہوا ہے ۔ وائس چانسلر کالوجی نارائن راؤ ہیلت (میڈیکل ) یونیورسٹی ڈاکٹر کروناکر ریڈی نے اس سال نیٹ کے ذریعہ میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلہ حاصل کرنے کے لیے نیٹ تحریر کئے ہوئے تلنگانہ طلباء وطالبات ( امیدواروں ) کے نشانات کی تفصیلات سے واقف کروایا اور بتایا کہ قومی سطح پر پہلے ایک ہزار رینکس حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں 43 امیدواروں کا ریاست تلنگانہ سے ہی تعلق بتایا جاتا ہے ۔ اسی طرح دو ہزار رینکس میں تلنگانہ کے 69 طلباء و طالبات پائے جاتے ہیں اور پانچ ہزار قومی سطح کے رینکس میں 149 امیدوار ، دس ہزار قومی سطح کے نیٹ رینکس میں 289 امیدوار اور 25 ہزار قومی سطح کے نیٹ رینکس میں 793 امیدوار ، 30 ہزار قومی سطح کے نیٹ رینکس میں 967 امیدواروں کے علاوہ 35 ہزار قومی سطح کے نیٹ رینک میں 1148 امیدواروں کے علاوہ 40 ہزار قومی سطح کے نیٹ رینکس حاصل کرنے والوں میں 1331 امیدواروں کا ریاست تلنگانہ سے تعلق بتایا جاتا ہے ۔ اس طرح اس مرتبہ ریاست تلنگانہ کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلہ لینے کے خواہش مند امیدواروں نے اپنا لوہا منوایا ہے ۔۔
