نئی دہلی، 27 نومبر (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے آندھرا پردیش، تلنگانہ، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، گجرات، راجستھان، بہار، اتر پردیش اور قومی راجدھانی دہلی کے 15 مقامات پر چھاپے مارے گئے ۔ ای ڈی نے کہا کہ یہ مقدمہ سی بی آئی کی ایف آئی آر پر مبنی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ میڈیکل کالجوں کے معائنے سے متعلق خفیہ معلومات کے افشاء کے لیے نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) کے عہدیداروں اور سرکاری افسران کو رشوت دی گئی تھی۔ اس سے ملزمان کو معیارات میں ہیرا پھیری کرنے اور میڈیکل کالجوں میں تعلیمی کورس چلانے کی منظوری حاصل کرنے میں مدد ملی۔ یہ چھاپے مختلف ریاستوں میں واقع سات میڈیکل کالج کیمپس اور ایف آئی آر میں نامزد چند افراد کے ذاتی ٹھکانوں پر مارے گئے ۔
