میدک،2 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاست میں سرکاری میڈیکل کالجوں کے معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات کے تحت میدک سرکاری میڈیکل کالج (GMC)، جنرل گورنمنٹ ہاسپٹل (GGH) اور ماں و بچے کی صحت کے مرکز (MCH) کا آج اعلیٰ سطحی معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر اسیسمنٹ انچارج ڈاکٹر وِملاتھامس کی قیادت میں ماہرین کے وفد نے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بعد ازاں ضلع کلکٹر راہول راج کی صدارت میں کالج میں اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ کلکٹر نے کہا کہ معائنے کا مقصد تدریسی معیار، بنیادی سہولیات، طبی خدمات اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کا جائزہ لینا ہے۔ کالج اور ہاسپٹل میں تدریسی عملے کی مخلتف پوسٹوں کی صورتحال، آئی سی یو، او ٹی، سی ٹی، ایم آر آئی، سی آرم جیسے طبی آلات، طلبہ کے ہاسٹل، ڈیجیٹل کلاس رومس، لائبریری، میس، اینٹی ریگنگ نظام، اور دیگر سہولیات کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اے. سںنیتا دیوی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جی جی ایچ میدک، ڈاکٹر وی. روی شنکر، پرنسپل جی ایم سی میدک، ڈاکٹر جیا، وائس پرنسپل جی ایم سی، اور دیگر موجود تھے۔