میڑچل ریلوے اسٹیشن پر بوگی میں مہیب آتشزدگی

   

حیدرآباد۔ میڑچل ریلوے اسٹیشن پر آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک پاسنجر بوگی میں اچانک آگ لگ گئی۔ آج دوپہر ریلوے اسٹیشن کا عملہ بوگی میں اچانک دھواں نکلتا ہوا دیکھا اور کچھ ہی دیر میں ریلوے بوگی کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس واقعہ کے بعد ریلوے اسٹیشن پر ہلچل مچ گئی اور ریلوے عملے نے بکیٹوں کے ذریعہ بوگی پر پانی ڈال کر آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ اسی دوران جیڈی میٹلہ فائر اسٹیشن سے فائر انجن کو طلب کرلیا گیا لیکن فائر انجن عملے کو ریلوے اسٹیشن میں داخل ہونے کیلئے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ جیڈی میٹلہ اسٹیشن فائر آفیسر وی سبھاش ریڈی نے بتایا کہ انہیں شبہ ہے کہ کچھ جلتی ہوئی شئے یعنی سگریٹ وغیرہ بوگی میں پھینکنے کے نتیجہ میں اچانک آگ لگ گئی۔ متاثرہ بوگی دس بوگیوں کی ٹرین کا ایک حصہ تھی اور کوویڈ19 کے پیش نظر حسب معمول ٹرینوں کی آمد و رفت نہ ہونے کے نتیجہ میں طویل عرصہ سے اسٹیشن پر رکھی ہوئی تھی۔ ریلوے پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔