اپریل سے تعمیراتی کاموں کا آغاز ، وزیر صحت ٹی ہریش راؤ کا اعلان
حیدرآباد۔/3 فروری، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے 10 کروڑ روپئے کے مصارف سے میڑچل میں 50 بیڈس پر مشتمل ایم سی ایچ ہاسپٹل منظور کرنے کا اعلان کیا۔ اپریل میں تعمیری کام کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا۔ آج میڑچل میں ریاستی وزیر لیبر ملا ریڈی کے ساتھ ایک خانگی ہاسپٹل کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ غریب عوام کو موثر طبی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے اطراف چار سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاست کے کئی مقامات پر نئے ہاسپٹلس تعمیرکروائے گئے یا موجودہ ہاسپٹلس کی نئی عمارتیں تعمیر کرتے ہوئے بیڈس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا۔ سرکاری ہاسپٹلس میں کارپوریٹ طرز کی تمام عصری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ مفت ٹسٹس، علاج کیا جارہا ہے ، آکسیجن پیداواری پلانٹس قائم کئے گئے۔ بیڈس کو آکسیجن کی سہولت فراہم کی گئی ۔ مفت ڈائیلاسیس سنٹرس قائم کئے گئے ۔ شہر حیدرآباد کے بعد اضلاع میں بستی دواخانوں کا جال پھیلایا جارہا ہے۔ نئے میڈیکل و نرسنگ کالجس قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڑجل میں ایم سی ایچ ہاسپٹل قائم کرنے کے ساتھ ایک کروڑ روپئے کے مصارف سے ایس این سی یو سنٹر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ہریش راؤ نے تلنگانہ کے کے سی آر کٹ اسکیم کو ملک کیلئے مثالی اسکیم قرار دیا۔ اس اسکیم کی عمل آوری کے بعد سرکاری ہاسپٹلس میں ڈیلیوریز کا تناسب 30 فیصد سے بڑھ کر 52 فیصد ہوجانے کا دعویٰ کیا۔ن