میکسیکو اور کینیڈا کے ساتھ تجارتی معاہدہ پر ٹرمپ کی آئندہ ہفتہ دستخط

   

واشنگٹن ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نئے شمال امریکی تجارتی معاہدہ کو میکسیکو اور کینیڈا کے ساتھ دستخط کرتے ہوئے آئندہ ہفتہ قطعیت دیں گے۔ وائیٹ ہاؤس کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ USMCA معاہدہ برسوں کی محنت کا پھل ہے جو یوایس (امریکہ) میکسیکو اور کینیڈا کے درمیان طئے ہوگا۔ اس معاہدہ کو 1994ء کے نارتھ امریکن فری ٹریڈ اگریمنٹ (NAFTA) کا نیا روپ قرار دیا جارہا اور ستائش بھی کی جارہی ہے جبکہ ٹرمپ نے اس پر تنقیدیں کرتے ہوئے اسے ’’جاب کلر‘‘، ’’ملازمتوں کا قاتل‘‘ قرار دیتے ہوئے اسے کالعدم قرار دینے کی بات بھی کہی تھی۔ امریکی سینیٹ نے اس معاہدہ کو گذشتہ ہفتہ قطعیت دی اور وائیٹ ہاؤس عہدیداروں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اس معاہدہ پر یقینی طور پر دستخط کریں گے۔ معاہدہ پر عمل آوری کے بعد امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کے درمیان سرحد پار مصنوعات، خدمات اور عوام کا تبادلہ ہوتا رہے گا۔