میکسیکو: میٹرو ریل حادثہ میں 23ہلاک

,

   

میکسیکوسٹی : میکسیکو کے دارالحکومت میں جس وقت ایک میٹرو ریل پل سے گزر رہی تھی اسی وقت وہ پل منہدم ہو گیا۔ متاثرین کو بچانے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ مقامی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے اور سوشل میڈیاپر پوسٹ کیے گئے ویڈیوز میں دکھا یا گیا ہے کہ دارالحکومت میکسیکو سٹی میں پیر کی رات کو میٹرو ریل ٹریک کا اوپر ی حصہ جزوی طور پر گر گیا جس کی وجہ سے ملبہ اور ٹرین کے بعض ڈبے نیچے سڑک پر آ گرے۔ امدادی ایجنسی ‘رسک مینجمنٹ’ اور سول پروٹیکشن ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں اب تک 23 افراد ہلاک جبکہ 70 کے قریب زخمی ہو ئے ہیں۔ زخمیوں کو قریب کے ہسپتالوں میں بھرتی کیا گیا ہے جن کا علاج چل رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جس مقام پر ٹرین کے ڈبے گرنے کا واقعہ پیش آیا وہاں کھڑی کچھ کاریں بھی اس کی زد میں آئی ہیں جو ملبے کے نیچے دب گئیں۔ شہر کی میئر کلوڈیا شین بام نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد اپنی ایک ٹویٹ میں کہا، ”آگ پر قابو پانے والا عملہ اور محکمہ پبلک سیفٹی کے لوگ ایک ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ کئی ہسپتالوں میں زخمیوں کا علاج چل رہا ہے اور اس بارے میں مزید اطلاعات جلد ہی فراہم کی جائیں گی۔”میئر کا کہنا تھا کہ کہ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ساڑھے دس بجے پیش آیا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ ”ایک سپورٹ بیم اپنی جگہ سے ہٹ گیا تھا۔” اس حادثے سے متعلق ٹویٹر پر ایک ویڈیو میں پل کو نیچے اس مصروف سڑک پر گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس پر چلتی ہوئی کاروں کا اژدہام ہے۔ ایک دیگر ویڈیو میں ٹرین کے بعض حصوں کو فضا میں معلق دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اس سے متعلق ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ان ڈبوں میں اب بھی بہت سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب میٹرو ریل شہر کے جنوبی علاقے اولیواس سے ٹیزنوکو جا رہی تھی۔