قومی ایوارڈ یافتہ ٹیچر روحی سلطانہ
سرینگر۔قومی اساتذہ ایوارڈ 2020ء سے سرفراز ہونے والی کشمیری سرکاری سکول ٹیچر روحی سلطانہ نے کہا کہ مَیں اسکول کو اپنا گھر اور طلبہ کو اپنے بچے سمجھتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ مجھے اس معزز اعزاز سے کبھی نوازا جائے گا۔سرینگر کے مضافاتی علاقہ تیل بل سے تعلق رکھنے والی 49 سالہ ٹیچر روحی سلطانہ کو درس و تدریس میں ایک مخصوص طریقہ اور انداز اپنا کر چھوٹے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے اعزاز میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کوند نے ہفتہ کے روز قومی اساتذہ ایوارڈ 2020 سے سرفراز کیا۔موصوفہ نے اردو اور کشمیری مضامین میں پوسٹ گریجویشن کرنے کے علاوہ بی ایڈ کی ڈگری بھی حاصل کی ہے اور خطاطی میں تین سالہ کورس اور سپیشل ایجوکیشن میں ڈپلومہ بھی کیا ہے ۔مجھے بچپن سے ہی تعلیم و تعلم کے ساتھ گہری دلچسپی تھی ۔