’میں ان کو ٹکڑوں میں گھر لائی تھی‘: پرینکاگاندھی

,

   

والد راجیو گاندھی کا تذکرہ ‘مودی سوپر مین نہیں مہنگائی مین‘گجرات میں خطاب

احمد آباد: پرینکا گاندھی نے ہفتہ کو گجرات کے ولساڈ میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی پر شدید تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ وہ اب تک کئی وزرائے اعظم کو دیکھ چکی ہیں وہ عوام کے سامنے جھوٹ نہیں بولتے تھے لیکن موجودہ وزیر اعظم جھوٹے بیانات دینے میں ماہر ہیں۔ پرینکا گاندھی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ی جے پی کی اعلیٰ قیادت بھلے ہی ابھی اس بات (آئین میں تبدیلی) سے انکار کرنے کا دِکھاوا کر رہا ہو، لیکن اگر پارٹی دوبارہ اقتدار میں آئی تو وہ آئین بدل دے گی اور عوام کو ان کے حقوق سے محروم کر دے گی۔ مودی کی آبائی ریاست گجرات کے ولساڈ میں واقع دھرم پور گاؤں میں ’نیائے سنکلپ ریالی‘ سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا نے اپنے والد راجیو گاندھی کی شہادت کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ میں نے کئی وزرائے اعظم دیکھے ہیں۔ اندرا گاندھی تھیں جو ملک کیلئے قربان ہو گئیں، شہید ہو گئیں۔ راجیو گاندھی جی بھی تھے، میں ان کو ٹکڑوں میں گھر لائی۔ شہید ہو گئے اس ملک کیلئے۔ منموہن سنگھ جی بھی تھے جو اس ملک میں انقلاب لائے۔ کانگریس پارٹی سے ہٹ کر دیکھیں تو (اٹل بہاری) واجپائی جی بھی تھے جو کم از کم مہذب انسان تھے۔ میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ یہ (نریندر مودی) ملک کے پہلے وزیر اعظم ہوں گے جو آپ کے سامنے اس طرح سے جھوٹ بولتے ہیں۔پرینکا گاندھی ریزرو ولساڈ لوک سبھا سیٹ سے کانگریس امیدوار اننت پٹیل کی انتخابی مہم میں شامل ہوئیں اور اپنے خطاب میں کہا کہ بی جے پی لیڈران اور امیدوار کہہ رہے ہیں کہ وہ آئین بدل دیں گے لیکن وزیر اعظم مودی اس سے انکار کر رہے ہیں۔ یہ ان کی پالیسی ہے۔ شروع میں وہ اس سے ہمیشہ انکار کریں گے جو وہ کرنا چاہتے ہیں لیکن اقتدار میں آنے کے بعد وہ اسے نافذ کریں گے۔ وہ عوام کو کمزور کرنے اور انھیں ہمارے آئین میں دیے گئے حقوق سے محروم کرنے کے لیے آئین کو بدلنا چاہتے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ انتخاب کے دوران وہ ’سوپرمین‘ کی طرح اسٹیج پر آتے ہیں، لیکن آپ کو انھیں ’مہنگائی مین‘ کی شکل میں یاد رکھنا چاہیے۔