میں دنیا کا سب سے متمول شخص ہوں: وزیر اعظم مودی‘عالمی یوم خواتین پر گجرات میں خطاب

,

   

نوساری: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو گجرات کے نوساری میں کہا کہ وہ دنیا کے سب سے متمول شخص ہیں۔ مودی نے آج یہاں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لکھپتی دیدیوں کو اعزاز سے نوازا اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج، یوم خواتین کے موقع پر میری مادر وطن گجرات میںاور آپ سبھی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی اتنی بڑی تعداد میں موجودگی، اس خاص دن پر، میں آپ کی محبت، پیار اور آشیرواد کے لیے سر جھکاتا ہوں۔اس دن میں فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ میں دنیا کا متمول شخص ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ بہت سے لوگوں کے کان کھڑے ہو جائیں گے اور پوری ٹرول فوج میدان میں آ جائے گی لیکن میں پھر بھی دہراتا ہوں کہ میں دنیا کا متمول آدمی ہوں۔ میری زندگی کے کھاتے میں کروڑوں ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کے احسانات ہیں اور یہ نعمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، اسی لیے میں کہتا ہوں کہ میں دنیا کا متمول شخص ہوں۔

ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی یہ نعمتیں میری سب سے بڑی تحریک، طاقت اور سرمایہ اور میری حفاظتی ڈھال ہیں۔ گجرات کی اس سرزمین سے میں تمام ہم وطنوں، ملک کی تمام ماؤں بہنوں کو یوم خواتین پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج یہاں دو اسکیمیں گجرات محفوظ اور گجرات میتری بھی شروع کی گئی ہیں۔ کئی اسکیموں کے پیسے بھی براہ راست خواتین کے بینک کھاتوں میں منتقل کیے گئے ہیں۔