ممبئی ، 23 جولائی (یو این آئی) مہاراشٹرا کی سیاست میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب اسمبلی اجلاس کے دوران ایک ویڈیو منظر عام پر آیا جس میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) کے وزیر زراعت مانیک راؤ کوکاٹے کو مبینہ طور پر آن لائن رمی کھیلتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد حزب اختلاف کی جماعتوں نے ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا۔ معاملے پر وضاحت پیش کرتے ہوئے منگل کو کوکاٹے نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ رمی نہیں کھیل رہے تھے اور نہ ہی استعفیٰ دیں گے ۔ اسی دوران پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تاٹکرے نے کوکاٹے کے حالیہ بیانات پر ناراضگی ظاہر کی۔ تاٹکرے نے کہا کہ وہ دورہ پر تھے اور واپسی پر ہی یہ سب دیکھا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوکاٹے نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار یا پارٹی قیادت سے کوئی بات کی ہے تو انہیں اس کی اطلاع نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار رہنماؤں کو بیان دیتے وقت سنجیدگی اور احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ سنیل تاٹکرے نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو حق حاصل ہے کہ وہ استعفیٰ کا مطالبہ کرے ، لیکن وہ اس بارے میں کچھ کہنا نہیں چاہتے ۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ایک مضبوط جمہوریت میں ہر فریق اپنی ذمہ داری نبھاتا ہے۔
تاٹکرے نے کوکاٹے کے پریس کانفرنس میں دیے گئے بیانات کا بھی ذکر کیا اور ان پر عدم اطمینان ظاہر کیا۔