حیدرآباد۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم وکٹ کیپر بیٹر سنجو سیمسن نے کہا کہ انہوں نے اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں دباؤ اور دھکے کے ساتھ جینا سیکھ لیا ہے اور ٹیم انتظامیہ کا شکریہ بھی اداکیا جس نے انہیں مشکل حالات سے باہر آنے اور خود ثابت کرنے کا ایک اور موقع فراہم کیا۔ سیمسن نے اپنی قابلیت کے ساتھ مکمل انصاف کیا، ہفتہ کو یہاں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری اسکورکی لیکن اس سے پہلے ان کا سفر اچھا نہیں تھا۔وہ سری لنکا کے خلاف دو میچوں میں اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے دو میچوں میں ان کی کارکردگی بھی اچھی نہیں رہی۔سیمسن نے یادگار سنچری کے ضمن میں کہا کہ سری لنکا کے خلاف دو میچوں میں کھاتہ نہ کھولنے کے بعد، مجھے اگلی سیریز میں موقع ملنے کے بارے میں کچھ شکوک و شبہات تھے لیکن وہ (کوچنگ اسٹاف اور کپتان) مجھ پر بھروسہ کرتے رہے۔ وہ کہتے رہے کہ وہ حمایت جاری رکھیں گے۔ 29 سالہ نوجوان نے اعتراف کیا کہ ہندوستان کے لیے کھیلتے ہوئے آپ دباؤ سے آزاد نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا ذہنی طور پر ایک ہندوستانی کرکٹر کے طور پر آپ کو بہت زیادہ تکلیف ہوتی ہے، خاص طور پر اس فارمیٹ (ٹی20) کرکٹ میں، لیکن میں نے دباؤ اور ناکامیوں سے نمٹنا سیکھ لیا ہے۔ میرے خیال میں اس کا بہت سا سہرا ڈریسنگ روم، لیڈر شپ گروپ، کپتان اورکوچ کو جانا چاہیے جو میری حمایت کرتے رہے ۔ سیمسن نے کہا کہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے انہیں بنگلہ دیش سیریز کے دوران اوپننگ کا کردار ادا کرنے کے ٹیم انتظامیہ کے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کردیا تھا۔.انہوں نے کہا، میں خوش قسمت تھا کہ گوتم بھائی، سوریا کمار (یادیو) اور ابھیشیک نائر (اسسٹنٹ کوچ) نے مجھے تین ہفتے قبل مطلع کیا تھا کہ میں بنگلہ دیش کے خلاف اننگزکا آغاز کروں گا۔ اس نے مجھے مناسب طریقے سے تیاری کرنے میں مدد کی۔ سیمسن نے کہا اس کے بعد میں راجستھان رائلز اکیڈمی گیا اور میں نے وہاں نئی گیند کے گیند بازوں کے خلاف سخت مشق کی۔ اس سے میری مدد ہوئی۔ مجھے لگتا ہے کہ میں اس سیریز میں کسی بھی دوسری سیریز کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ تیارآیا تھا۔ سیمسن نے کہا کہ ان کے کردار کے بارے میں وضاحت نے انہیں اپنے کھیل کے بارے میں مزید آگاہی حاصل کرنے میں مدد کی۔انہوں نے کہا، میں میرے کھیل کو اچھی طرح سمجھتا ہوں کہ میں نمبر ایک سے چھٹے نمبر تک کسی بھی مقام پر بیٹنگ کر سکتا ہوں۔ میرے پاس بڑے شاٹس مارنے کے لیے درکار طاقت ہے اور میرا ٹائمنگ بھی اچھی ہے۔ تو یہ سب میرے کردار کے مطابق تیاری سے منسلک ہے۔ سیمسن نے کہا،جب آپ کو ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو یہ کہنا آسان ہے کہ اگلے میچ میں میں رنز بناؤں گا لیکن میں جانتا ہوں کہ میں کس قسم کا شخص ہوں۔ میں اپنے طریقے سے کامیاب یا ناکام ہونا پسند کرتا ہوں۔ یہ سب اپنے ساتھ ایماندار ہونے کے بارے میں ہے۔