دوبئی : سابق پاکستانی کرکٹ کپتان وسیم اکرم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کوکین کی لت کا شکار ہوگئے تھے ۔ بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق وسیم اکرم نے اپنی سوانح میں یہ انکشاف کیا ہے جو عنقریب منظر عام پر آنے والی ہے ۔ وسیم اکرم 1992 میں پاکستان کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں شامل تھے ۔ 56 سالہ سابق کرکٹر نے کہا کہ جب انہوں نے ٹی وی کامنٹری کا آغاز کیا تھا اس وقت سے وہ کوکین کی عادت کا شکار ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں مختلف کلچر ہے ۔ وہاں آپ کو ایک رات میں دس دس پارٹیوں میں شرکت کا موقع ملتا ہے اور اس کے اثرات ہونے لگتے ہیں۔ وسیم اکرم نے کہا کہ ان کی مرحومہ شریک حیات ہما نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں منشیات کی عادت چھڑانے کی کافی جدوجہد کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کا وہ مرحلہ بھی گذر گیا اور اب وہ کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھتے ۔