م45000 متوفی افراد میں 50کروڑ روپئے کی تقسیم

   

ایک عہدیدار کی تحقیقات سے آسرا اسکیم میں بے قاعدگیوں کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 30 ڈسمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں غریب اور بے سہارا افراد کی مالی امداد کی فراہمی سے متعلق آسرا پنشن اسکیم کے تقریباً 45000 افراد بہت پہلے ہی فوت ہوچکے ہیں ۔ اس حیرت انگیز حقیقت کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک عہدیدار نے اتفاقی طور پر اس ضمن میں تحقیقات کیا تھا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ تحقیقاتی عہدیداروں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ان متوفی افراد کے ناموں پر تقریباً 50کروڑ روپئے یہ سمجھ کر جاری کئے جاتے رہے کہ وہ ہنوز زندہ ہیں ۔ اس حقیقت کا پتہ چلنے کے بعد متعلقہ عہدیدار اب بینکوں سے پوچھنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ ان متوفی افراد کے خاندانوں سے رقم واپس لیں اور اگر ہنوز رقم تقسیم نہیں کی گئی ہے تو ادائیات روک دیں ۔ آسرا پنشن اسکیم کے تحت عمر رسیدہ افراد ، تنہا زندگی بسر کرنے والی عورتوں ، بیواؤں ، ایڈس کے مریضوں اور ایسے ہی چند دوسروں کو ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جاتا ہے ۔ سرکاری اعداد کے مطابق آسرا پنشن اسکیم کے استفادہ کنندگان کی تعداد 10,14,980 ہے جن کے منجملہ 45,968 فوت ہوچکے ہیں ۔ اس اسکیم کے تحت ہر فرد کو 1000روپئے ماہانہ دیئے جاتے ہیں ۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اس طرح حکومت تلنگانہ ہر ماہ تقریباً 50کروڑ روپئے ایسے افراد کو ادا کررہی ہے جو پہلے ہی فوت ہوچکے ہیں ۔