نئی اسکیمات کے ذریعہ اسمبلی چناؤ میں کامیابی، کے سی آر کا منصوبہ

   

Ferty9 Clinic

آر ٹی سی ملازمین، مسلمان اور بی سی طبقات پر توجہ، چیف منسٹر کے عنقریب اضلاع میں دورے اور جلسہ عام

حیدرآباد۔/9 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اور بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کیلئے نئی فلاحی اسکیمات پر انحصار کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اسکیمات کے استفادہ کنندگان تک رسائی حاصل کرتے ہوئے انہیں بی آر ایس کی تائید کیلئے آمادہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے مختلف طبقات کیلئے حال ہی میں جو اعلانات کئے ان پر عمل آوری کا آغاز آئندہ ہفتہ ہوسکتا ہے اور چیف منسٹر مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے اسکیمات کا آغاز کریں گے۔ اسمبلی انتخابات کا شیڈول توقع ہے کہ اکٹوبر کے آخری ہفتہ یا نومبر کے پہلے ہفتہ میں جاری ہوگا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق سے بچنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے تلگو ماہ شراونم کے دوران اضلاع کے دورہ کا منصوبہ بنایا ہے۔ شراونم کو تلگو سماج میں ایک مقدس مہینہ کے طور پر دیکھا جاتا ہے جس کے آغاز کیلئے مزید دس دن باقی ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئی اسکیمات پر عمل آوری کی تیاریاں مکمل کرلیں تاکہ شراونم کے آغاز کے بعد وہ مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے اسکیمات کا آغاز کریں گے۔ کلکٹریٹ کی نئی عمارتوں کے افتتاح کے علاوہ چیف منسٹر استفادہ کنندگان میں اسکیم کے فوائد تقسیم کرتے ہوئے عام جلسوں سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر نے جون میں آصف آباد ضلع کا دورہ کیا تھا۔ اگرچہ وہ جولائی میں سوریا پیٹ، نلگنڈہ، عادل آباد، میدک اور کریم نگر میں جلسوں کے انعقاد کا منصوبہ رکھتے تھے لیکن ریاست بھر میں بارش اور سیلاب کی صورتحال نے پروگرام کو ملتوی کرنے پر مجبور کردیا۔ چیف منسٹر نے غریبوں اور کمزور طبقات کیلئے جن اسکیمات کا اعلان کیا ان میں گروہا لکشمی اسکیم کے تحت اراضی رکھنے والے غریبوں کو مکان کی تعمیر کیلئے 3 لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پسماندہ طبقات، مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر اقلیتی طبقات کیلئے ایک لاکھ روپئے کی امدادی اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر اضلاع کے دورہ کے موقع پر امدادی اسکیم کے چیک عوام میں تقسیم کریں گے۔ دلت بندھو اسکیم کے دوسرے مرحلہ کے استفادہ کنندگان میں امدادی رقم جاری کی جائے گی۔ تمام اسمبلی حلقہ جات میں دلت بندھو کے نشانے طئے کئے گئے ہیں۔ مقامی ارکان اسمبلی کی جانب سے استفادہ کنندگان کو امدادی رقم کے چیکس کی حوالگی کا منصوبہ ہے۔ چیف منسٹر اضلاع میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم اور اراضی امکنہ کے الاٹمنٹ کے پروگرام میں شرکت کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں نئی اسکیمات کیلئے بجٹ کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ اسمبلی انتخابات میں دلت، بی سی، مسلمان اور سرکاری ملازمین پر توجہ مرکوز کریں تاکہ ان کی تائید سے دوبارہ اقتدار حاصل کیا جاسکے۔ گذشتہ دو مرتبہ مذکورہ طبقات کے علاوہ خواتین کی تائید بی آر ایس کے ساتھ تھی۔ چیف منسٹر نے 40 ہزار سے زائد آر ٹی سی ملازمین کے خاندانوں کی تائید حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے کیونکہ حکومت نے آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرتے ہوئے ورکرس کو سرکاری ملازمین کا درجہ دیا ہے۔ بی آر ایس کیڈر الیکشن سے قبل آر ٹی سی ملازمین کے خاندانوں سے ربط قائم کریں گے۔ چیف منسٹر نے سرکاری ملازمین کیلئے پے ریویژن کمیشن کی تشکیل اور فوری طور پر عبوری راحت دینے سے اتفاق کیا ہے۔ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ اضلاع میں موقف کا پتہ چلانے کیلئے ضلعی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کررہے ۔