لندن ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں 12 دسمبر کے پارلیمانی انتخابات کے نتیجے میں بننے والی نئی پارلیمنٹ آج 20دسمبر کو وزیراعظم بورس جانسن کی یورپی یونین کے ساتھ طے کردہ ڈیل کی ابتدائی منظوری دے گی۔ اس ڈیل کے مطابق برطانیہ اگلے برس 31 جنوری کو یورپی یونین سے پوری طرح علیحدگی اختیار کر لے گا۔ برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں دارالعوام میں ہونے والی ووٹنگ وزیراعظم جانسن کو یورپی یونین کے ساتھ تجارتی ڈیل طے کرنے میں بھی آسانی فراہم کرے گی۔ یورپی یونین سے علیحدگی پر پارلیمنٹ حتمی ووٹنگ کرسمس کے بعد ایک مرتبہ پھر کرے گی۔ 12 دسمبر کے انتخابات میں بورس جانسن کی کنزرویٹو پارٹی غیر معمولی عوامی کامیابی حاصل کر کے اکثریتی پارٹی بنی ہے۔ اپوزیشن کی لیبر پارٹی کو انتہائی بڑی شکست کا سامنا رہا تھا۔