نئی دہلی میں کانگریس کی ریالی، تلنگانہ کے اہم قائدین کی شرکت

   

اتم کمار ریڈی کی انچارج جنرل سکریٹری کنتیا سے ملاقات

حیدرآباد۔/14 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی ار دیگر اہم قائدین نے نئی دہلی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ’ بھارت بچاؤ ‘ ریالی میں شرکت کی۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے ریالی میں حصہ لیا۔ کارکنوں کی روانگی کیلئے پردیش کانگریس کمیٹی نے سینئر قائدین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی۔ طیارہ اور ریلوے کے ذریعہ سینکڑوں کی تعداد میں کارکن نئی دہلی پہنچے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے علاوہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، ورکنگ پریسیڈنٹ ریونت ریڈی، پونم پربھاکر، کسم کمار، اے آئی سی سی سکریٹریز سمپت کمار، ومشی چندر ریڈی، مدھو یاشکی، چنا ریڈی، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ، پونالہ لکشمیا، سابق سی ایل پی لیڈر کے جانا ریڈی، قانون ساز کونسل میں سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر، ارکان اسمبلی ڈی سریدھر بابو، سیتااکا، خازن پردیش کانگریس جی نارائن ریڈی کے علاوہ اے آئی سی سی اور پی سی سی کے قائدین، سرکاری ترجمانوں، ضلع کانگریس صدور اور محاذی تنظیموں کے قائدین نے ریالی میں شرکت کی۔اسی دوران اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ کے انچارج جنرل سکریٹری آر سی کنتیا سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔