نئی دہلی : مسلم دانشوران کونسل مسلسل تیسرے سال عالمی کتاب میلہ، نئی دہلی 2025 میں شرکت کے لیے تیار ہے ، جو یکم فروری سے 9 فروری 2025 تک بھارت منڈپم کنونشن سینٹر میں منعقد ہورہا ہے ۔ یہ کتاب میلہ خطے کے سب سے نمایاں اور بڑے ادبی پروگراموں میں سے ایک ہے ، جو دنیا بھر سے ناشرین، مصنفین اور دانشوروں کو ثقافتی تبادلے اور فکری مباحثے میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ نیشنل بک ٹرسٹ آف انڈیا کی جانب سے وزارت تعلیم کے تحت، انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کے تعاون سے اس ایونٹ کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ مسلم دانشوران کونسل کے پویلین میں اس کے اشاعتی ادارے ، الحکمہ مطبوعات کی جانب سے 250 سے زائد مطبوعات پیش کی جائیں گی۔ ان اشاعتوں میں مذہبی تنوع، امن کے مطالعات، بین المذاہب تعلقات اور اسلامی علوم پر مبنی کتابیں شامل ہیں۔ اس کتاب میلہ میں جامعہ ازہر کے امامِ اکبر اور مسلم دانشوران کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب کی تصنیفات کے ساتھ ساتھ عصرحاضر کے عالمی چیلنجز اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے سے متعلق دیگر اہم کتابیں بھی شامل ہیں۔ ترجمہ کو تہذیبوں کے درمیان ایک پل کے طور پر اس کے اثرات کو تسلیم کرتے ہوئے مسلم دانشوران کونسل ہندی، اردو اور ملیالم میں 21 کتابیں بھی نمائش کے لیے پیش کرے گی، جن میں 2025 کے لیے چھ نئی مطبوعات شامل ہیں۔ ان میں نمایاں عنوانات ’اسلام اور خواتین کے حقوق‘، ’آزادی اور شہریت: تنوع اور انضمام‘ اور ’القول الطیب‘شامل ہیں، جنہیں خاص طور پر عالمی کتاب میلہ، نئی دہلی 2025 کے لیے ہندی اور اردو میں شائع کیا گیا ہے ۔