نئی نسل کی صحیح تربیت وقت کی اہم ضرورت :مولانااحمدولی فیصل

   

Ferty9 Clinic

جامعہ رحمانی کی نئی عمارت عالم منزل چک ہاشم مونگیر میں تعلیم کاآغاز

مونگیر : جامعہ رحمانی کی نئی عمارت عالم منزل چک ہاشم مونگیرمیں تعلیم وتربیت کاآغازہوگیا۔ امیرشریعت حضرت مولانااحمدولی فیصل رحمانی کی دعاء و نصیحت سے اس کاآغازہوا۔سب سے پہلے جناب قاری نظام الدین استاذجامعہ رحمانی نے قرآن مجیدکی تلاوت کی اور پھر ایک طالب علم کی نعت اورمدارس کی اہمیت پرتقریرہوئی۔عالم منزل(ہاسٹل جامعہ رحمانی وتعلیم گاہ) جس عمارت میں کارگذارہے،اسے جناب آفتاب عالم نے جامعہ رحمانی مونگیر کے لیے وقف کیاہے۔جامعہ رحمانی مونگیرکاہی ایک تعلیمی شعبہ آج سے وہاں کارگذار ہے۔ 23طلبہ اورچاراساتذہ وہاںقیام پذیرہیں اورتعلیم وتربیت حاصل کررہے ہیں۔اس موقع پر امیرشریعت حضرت مولانااحمدولی فیصل رحمانی سرپرست جامعہ رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جنت میں جانے کے بہت سے راستے ہیں،علم والے علم پھیلاکرتومال والے اللہ کی راہ میںخلوص کے ساتھ مال خرچ کرکے جنت کے لیے اپناراستہ بناتے ہیں۔آفتاب عالم نے اللہ کی راہ میں اپنامال لگاکرجنت کے لیے راستہ بنایاہے ۔ سونچئے،کتنی بڑی بات ہے ، ان کے مکان میں قرآن وحدیث کی تعلیم ہوگی اور طلبہ پڑھیںگے اوراساتذہ پڑھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ والدین کی تربیت کانتیجہ ہے کہ آفتاب عالم نے اتنا بڑا کارخیرکیاہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی نسلوں کی صحیح تربیت کریں۔جناب آفتاب عالم نے کہاکہ میرے دل میں یہ خیال آیاکہ مدرسہ میرے مکان میں قائم ہواورمیں نے امیرشریعت سابع مفکراسلام حضرت مولانامحمدولی رحمانی کے حوالہ اپنامکان کردیا ۔ آج وہ خواب شرمندئہ تعبیرہورہا ہے۔ مکھیامحفوظ عالم نے کہاکہ خانقاہ رحمانی سے میراپراناخاندانی لگائوہے۔ جامعہ رحمانی کی یہاں شاخ قائم ہونے سے علاقہ کی ترقی ہوگی۔ جناب آفتاب عالم نے لڑکیوں کے مدرسہ کے لیے خانقاہ کے حوالے دوکٹھہ زمین دینے کابھی اعلان کیا۔ امیر شریعت حضرت مولانااحمدولی فیصل رحمانی کی پرسوز دعاء پراس پروگرام کااختتام ہوا۔ اس افتتاحی پروگرام میں جامعہ رحمانی کے اساتذہ کارکنان اور مخلصین کی بڑی تعداد موجود تھی۔