نئی گاڑیوں کے رجسٹریشن کیلئے آر ٹی اے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں

   

شوروم پر رجسٹریشن کی عنقریب سہولت: پونم پربھاکر
حیدرآباد ۔ 24۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گاڑیوں کے رجسٹریشن کیلئے اب آر ٹی اے دفاتر پر قطار میں ٹھہرنے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ تلنگانہ حکومت نے نئی گاڑیوں کے مالکین کو راحت پہنچاتے ہوئے شو روم پر رجسٹریشن کی تکمیل کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں عنقریب احکامات جاری کئے جائیں گے جس کے بعد گاڑیوں کے نئے خریدار آر ٹی اے دفاتر کے بجائے شوروم پر ہی رجسٹریشن کی کارروائی مکمل کریں گے ۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے 2021 میں یہ سسٹم متعارف کیا تھا لیکن اس وقت کی بی آر ایس حکومت نے اختیار نہیں کیا۔ کانگریس کی موجودہ ریونت ریڈی حکومت عوام کی سہولت کیلئے نئے رجسٹریشن سسٹم کو اختیار کرنے پر غور کر رہی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ شوروم پر گاڑیوں کے مستقل رجسٹریشن کے ذریعہ حکومت دفاتر میں کرپشن کو کم کرنا چاہتی ہے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد حکومت رجسٹریشن کی نئی پالیسی کا اعلان کرے گی۔ تلنگانہ میں عنقریب نئے گاڑی مالکین کو اس سہولت سے فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی تکمیل کے بعد حکومت کی جانب سے ضروری احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ میں ایک اندازہ کے مطابق روزانہ 2300 گاڑیوں کا رجسٹریشن ہوتا ہے اور گاڑی مالکین کو رجسٹریشن کیلئے آر ٹی اے دفاتر کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں۔ اسی دوران آر ٹی او حیدرآباد ایم پروشوتم ریڈی نے کہا کہ نئے سسٹم کے متعارف کرنے سے نہ صرف ڈپارٹمنٹ بلکہ گاڑی مالکین کو فائدہ ہوگا ۔ خیریت آباد آر ٹی اے دفتر میں روزانہ 300 گاڑیوں کا رجسٹریشن ہوتا ہے۔ 1