نئے اضلاع میں اساتذہ کے تبادلوں پر ہائی کورٹ کے اہم احکامات

   

جی او 317 پر حکم التواء سے انکار
حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ اساتذہ کے تبادلوں کا عمل قطعی احکامات کی بنیاد پر کیا جائے۔ نئے اضلاع میں اساتذہ کے الاٹمنٹ اور تبادلوں کو چیلنج کرتے ہوئے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس ابھینند کمار شاولی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے حکومت سے کہا کہ اساتذہ کی پوسٹنگ عدالت کے قطعی احکامات کے تابع ہونی چاہیئے۔ درخواست گذاروں کے وکیل نے ملازمین اور اساتذہ کی تقسیم سے متعلق جی او 317 پر حکم التواء جاری کرنے کی درخواست کی۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ نئے اضلاع کو الاٹ کردہ ملازمین نے اپنی خدمات کے تحت ڈیوٹی جوائن کرلی ہے۔ انہوں نے جی او 317 پر کسی بھی طرح کے حکم التواء کی مخالفت کی۔ چیف جسٹس نے جی او 317 پر حکم التواء سے انکار کیا تاہم حکومت کو ہدایت دی کہ درخواست گذاروں نے جو اعتراضات پیش کئے ہیں ان کا جائزہ لیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ اساتذہ کے تقررات اور تبادلے عدالت کے قطعی احکامات کے تابع ہونے چاہیئے۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 4 اپریل کو ہوگی۔ر