ایک مرتبہ درخواست کا ادخال کافی، انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ والے اضلاع میں ایم ایل سی الیکشن کے بعد اجرائی، سیول سپلائیز عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نئے راشن کارڈ کی اجرائی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور کوئی بھی مستحق خاندان راشن کارڈ سے محروم نہ رہے ۔ چیف منسٹر نے آج محکمہ سیول سپلائیز کے عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی اور عوامی نظام تقسیم کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی کے علاوہ محکمہ کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ مستحق خاندانوں کو راشن کارڈ کی اجرائی کو یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں فوری قدم اٹھائے جائیں۔ کونسل کی تین نشستوں کے انتخابات کے پیش نظر ریاست کے بعض اضلاع میں انتخابی ضابطہ ا خلاق نافذ ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ ایسے اضلاع جہاں انتخابی ضابطہ ا خلاق نافذ نہیں ہے وہاں فوری طور پر راشن کارڈس کی اجرائی عمل میں لائیں۔ چیف منسٹر نے نئے راشن کارڈس کے بعض ڈیزائینس کا جائزہ لیتے ہوئے ایک ڈیزائن کو قطعیت دی گئی ۔ راشن کارڈ کے لئے لاکھوں کی تعداد میں درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ راشن کارڈس کیلئے نئی درخواستوں کے علاوہ موجودہ راشن کارڈس میں اضافہ اور تبدیلیوں کیلئے درخواستیں داخل کی گئیں ہیں ۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ عوام میں درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ میں شعور بیداری کے قدم اٹھائے گئے تاکہ عوام بار بار درخواستیں داخل نہ کریں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پرجا پالنا میں موصولہ درخواستوں کے علاوہ طبقاتی سروے اور گرام سبھا میں داخل کی گئی درخواستوں کے ساتھ ساتھ می سیوا مراکز پر داخل کی جانے والی درخواستوں کی فوری طور پر جانچ کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ مستحق خاندانوں کو راشن کارڈ کی اجرائی میں سہولت ہو۔ چیف منسٹر نے سوال کیا کہ راشن کارڈ کیلئے مختلف مراحل میں درخواستوں کے ادخال کے باوجود می سیوا مراکز پر طویل قطاریں کیوں ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بیشتر خاندان ایک سے زائد مرتبہ درخواستیں داخل کررہے ہیں جس پر چیف منسٹر نے کہا کہ راشن کارڈس کی بروقت اجرائی کے ذریعہ اس صورتحال سے نمٹا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسی تاخیر کے بغیر نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے اقدامات کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوام کو اس بات سے واقف کرایا جائے کہ انہیں راشن کارڈ کے لئے ایک مرتبہ درخواست داخل کرنا کافی ہوگا۔ بار بار درخواستوں کے ادخال سے درخواستوں کی یکسوئی میں دشواری ہوسکتی ہے۔1