نئے رنگ ڈھنگ اپنائیں ، اپنا گھر سجائیں

   

گھر وہ جگہ ہے جہاں سے ہم دور نہیں رہ سکتے۔یہاں ہم رہتے ہیں،کھاتے پیتے،پڑھتے لکھتے ، پیار اور محبت کی فضا میں پلتے بڑھتے ہیں۔اگر گھر میں سکون نہ ہو،کسی بھی وجہ سے طمانیت کا احساس نہ ہو تو شخصیتیں بکھر سی جاتی ہیں ۔ جہاں پیار محبت ،شفقت،خلوص اور احترام بھری چاہتوں کا ہونا ضروری ہے وہیں گھر کی آرائش،صفائی ستھرائی اور زندگی گزارنے کا اسلوب اور طرز بھی اسی قدر تخلیقی اور اسٹائلش ہونا ضروری ہے ۔ آپ جہاں رہتے ہیں وہ جائے اماں آپ کی شخصیت کے مختلف زاویوں اور انداز کا پتا دیتی ہے۔ضروری نہیں کہ آپ لاکھوں اربوں روپے خرچ کر کے قیمتی فرنیچر درآمد کرائیں یا جدید تکنیکی مہارتوں سے لیس بجلی کی مصنوعات خریدیں ۔ آپ چاہیں تو سادگی اور کم بجٹ میں بھی اپنے گھروں کی پُرآسائش،آرام دہ اور بہت حد تک منفرد سجاوٹ کر سکتے ہیں ۔ فطرت نے آپ کو چار موسم عطا کئے اب پانچواں موسم اپنے گھر سے محبت،توجہ،انفرادیت اور ذوق کے اظہار کیلئے خود تخلیق کر لیجئے۔آپ اندر سے خوش ہوں تو باہر کا موسم آپ ہی آپ سہانا ہو جاتا ہے۔نئے طرز کی تخلیقی جہت کو اپنایئے ۔ نوجوان اندرونی آرائش کے ماہرین اب اخباری صفحات ، کارٹونز ،مشہور مقامات کی تصاویر اور تجریدی مصوری کے شاہکار ان کشنز کے Covers پرکندہ کرنے لگے ہیں۔آپ اپنے ذوق اور پسند کے مطابق نئے رنگ ڈھنگ اپنائیں ۔ پرانا صوفہ نئے غلاف کے ساتھ کمرے کا نقشہ ہی بدل دے گا۔اگر آپ ماڈرن طرز کے فرنیچر اور جدید رجحان کی آرائشی اشیاء سے اکتانے لگی ہیں تو کبھی شہر میں موجود قدیم ثقافتوں یا لوک ورثے کو محفوظ کرنے والی دکانوں تک چلئے۔ یہاں آپ کو عمر خیام کی رباعیوں سے سجے ایسے غالیچے یا تصاویر مل سکتی ہیں جنہیں آپ آراستہ کر سکتی ہیں ۔ بعض دفعہ قدیم نوادرات اچھی حالت میں مل جاتے ہیں اور بعض جگہوں پر جدید ساز سامان کو قدیم نوادرات کی شکل دینے کی ہنر کاری بھی آزمائی جا رہی ہوتی ہے۔