محکمہ مال کی جانب سے مضافات اور اضلاع میں وینچرس کی تیاری کی تجویز
حیدرآباد۔ریاست میں نئے ریوینیو ایکٹ کے نفاذ کے بعد ریاستی حکومت کے محکمہ مال کی جانب سے پلاٹس کی فروخت کا آغاز کیا جائے گا!ریاستی حکومت کی جانب سے کی جانے والی منصوبہ بندی کے مطابق ریاستی حکومت کے محکمہ مال کی جانب سے شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں لے آؤٹس تیار کرتے ہوئے وینچر تیار کئے جائیں گے اور ان کی فروخت کے ذریعہ ریاست کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے گا۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے غیر منظورہ لے آؤٹس میں خریدی جانے والی جائیدادوں کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں اسکیم کے آغاز اور غیر منظورہ لے آؤٹس میں خریدی جانے والی جائیدادوں کے رجسٹریشن پر پابندی اور بغیر اجازت کی گئی تعمیرات کے رجسٹریشن پر عائد کی جانے والی پابندی کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نئے ریوینیو ایکٹ کے تحت محکمہ مال کے ذریعہ اراضیات کو ترقی دیتے ہوئے وینچرس کی تیاری اور فروخت کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اب تک حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں وینچرس تیار کرتے ہوئے انہیں ترقی دینے کے بعد فروخت کیا جاتا تھا اور اس مقصد کیلئے سرکاری اراضیات فروخت کرنے کے اقدامات کئے جاتے تھے لیکن اب تک حکومت کی جانب سے رہائشی مکانات کی تعمیر کیلئے بہت کم وینچر تیار کئے جاتے تھے
اور بڑی جائیدادوں کے فروخت کے ذریعہ محکمہ مال کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کو یقینی بنایاجاتا تھا لیکن اب ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے منصوبہ کے تحت ریاستی حکومت رہائشی کالونیوں کے طرز پر وینچر تیار کرتے ہوئے فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے لے آؤٹس اور ان کی فروخت پر عوام کو اعتماد زیادہ ہوتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد اور اس کے اطراف موجود وسیع و عریض سرکاری اراضیات کو فروخت کرنے سے اجتناب کیا جائے گا اور موجودہ حالات میں لے آؤٹس کی تیاری اور اراضیات کو ترقی دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ چھوٹے چھوٹے اراضیات کے علاوہ وسیع اراضیات پر بھی سرکاری محکمہ جاتی نگرانی میں پلاٹنگ کو یقینی بنایاجائے اور اس بات کی کوشش کی جائے کہ ریاست میں موجود سرکاری اراضیات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اضافہ کے ساتھ ریاست میں منظورہ لے آؤٹس میں پلاٹس اور جائیدادوں کی خریدی کے رجحان میں اضافہ ہو ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے وینچرس میں رجسٹری کی قیمت اور بازار کی قیمت مختلف نہیں ہوگی اسی لئے عوام کو کم قیمت میں اراضیات حاصل ہونے کا امکان پیدا ہوجائے گا اور جو قیمت ہوگی اس کے اعتبار سے کئے جانے والے رجسٹریشن سے حکومت کی آمدنی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گاعلاوہ ازیں بازاروں کی قیمت علحدہ اور رجسٹریشن کی قیمت علحدہ کے رجحان میں بھی تیزی سے تبدیلی لائی جائے گی اور عوام میں جب منظورہ لے آؤٹس میں جائیداد کی خریدی کا شعور اجاگر ہوگا تو رئیل اسٹیٹ تاجرین کی جانب سے بھی منظورہ لے آؤٹس میں ہی اراضیات کی فروخت کا رجحان پیدا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد‘ رنگاریڈی‘ میڑچل کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں موجود سرکاری اراضیات کے ریکارڈ بھی یکجا کئے جانے لگے ہیں ۔