نئے زونل سسٹم کے تحت 50 ہزار جائیدادوں پر عنقریب تقررات

   

روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح، ورلڈ یوتھ اسکلس ڈے کے موقع پر چیف منسٹر کا پیام
حیدرآباد۔15 ۔جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ نئے زونل سسٹم کے تحت 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ مستقبل میں جاب کیلنڈر کے ذریعہ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ ورلڈ یوتھ اسکلس ڈے کے موقع پر چیف منسٹر نے اپنے پیام میں ریاست کے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوان طبقہ اور آنے والی نسل کو تلنگانہ کے مکمل ثمرات بہم پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ حکومت اس سلسلہ میں بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ عمل پیرا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے دور میں تمام شعبہ جات خستہ حالی کا شکار ہے۔ حکومت انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کا ماننا ہے کہ حقیقی ترقی کا حصول اسی وقت ممکن ہے جب سماج کے تمام طبقات کی معیار زندگی میں بہتری آئے۔ حکومت کی ترجیحات میں ترقی کا ایجنڈہ سرفہرست ہے۔ شہری اور دیہی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے گزشتہ 7 برسوں میں ایکشن پلان فیصلہ کن مرحلہ میں پہنچ چکا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ علحدہ ریاست کے قیام کے فوائد عوام تک پہنچ جائیں۔ ریاست کی موجودہ صورتحال میں نوجوان طبقہ خود حکمرانی والی ریاست میں مراعات سے استفادہ کرسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آبپاشی ، برقی اور زرعی شعبوں کو ترقی دی جارہی ہے۔ دیہی معیشت کو تقویت حاصل ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں نوجوانوں کو روزگار حاصل ہورہا ہے ۔ شہری علاقوں میں بھی انڈسٹریز اور آئی ٹی سیکٹر میں نوجوانوں کیلئے لاکھوں ملازمتیں فراہم کی گئیں۔ تاہم ایک لاکھ 30 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ نئے زونل سسٹم کے تحت مزید 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے حتی المقدور کاوشوں کے نتیجہ میں نوجوان طبقہ شعبہ زراعت کی طرف راغب ہورہا ہے ۔ چیف منسٹر نے نوجوانوں سے خواہش کی کہ بدلتے زمانے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔ تلنگانہ کے نوجوان بعض صلاحیت ہیں اور اگر وہ اپنے اندر تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہیں تو ایسی صورت میں ان کو چیلنج کرنے والا کوئی نہیں رہے گا۔ نوجوانوں کی مدد کی غرض سے حکومت اپنی کاوشوں میں مصروف ہیں۔ تلنگانہ میں نوجوانوں کی مدد کیلئے ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا تلنگانہ اکیڈیمی فار اسکلس اینڈ نالج قائم کیا گیا ہے۔ اس ادارہ میں گریجویشن کی تکمیل کے بعد نوجوانوں کو آئی ٹی اور ٹکنالوجی کمپنیوں کے تقاضوں کے عین مطابق تکنیکی مہارت پر مبنی تربیت دی جارہی ہے ۔