مقامی اداروں کے انتخابات کیلئے زیادہ وقت دینے پر زور، پارٹی قائدین سے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ یکم ؍ جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ اپنے انداز کارکردگی میں تبدیلی لارہے ہیں ساتھ ہی وزراء ، کانگریس کے ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل اورارکان پارلیمنٹ کو بھی مشورہ دے رہے ہیںکہ وہ بھی اپنے انداز کارکردگی میں تبدیلی لائیں۔ کانگریس کے عوامی منتخب نمائندوں کی ایک سالہ کارکردگی پر مشتمل پروگریس رپورٹ میرے پاس ہے۔ چند ارکان اسمبلی بہت زیادہ جوش دکھا رہے ہیں ان کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ہے ایسے عوامی منتخب نمائندوں کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا۔ نئے سال کے موقع پر وزراء ، کانگریس کے ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل ، ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے ان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال نئے رجحانات اور پالیسیوں کے ساتھ حکومت اپنے قدم آگے بڑھائے گی۔ مقامی اداروں کے انتخابات کانگریس کیلئے اہم ثابت ہوں گے۔ وہ بھی پارٹی قائدین کیلئے زیادہ وقت دیں گے۔ وزراء کے علاوہ کانگریس کے دوسرے عوامی منتخب نمائندے عوام کو زیادہ سے زیادہ وقت دیں۔ بالخصوص پارٹی کیڈر کے ساتھ بہتر تعلقات بنائیں رکھیں ۔ پارٹی میں اختلافات اور گروپ بندیوں کو فروغ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کانگریس حکومت کا ایک سال مکمل ہوچکا ہے حکومت کی فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی کاموں کی بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے اور اپوزیشن کی حکومت کے خلاف گمراہ کن مہم کا منہ توڑ جواب دینے کا پارٹی قائدین کو مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی اطمینان بخش ہے مگر پارٹی کے قائدین ان اسکیمات کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کون کیا کررہے ہیں اس کی انہیں پوری طرح اطلاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سے کئی ارکان اسمبلی رابطے میں ہیں اور وہ بہت جلد کانگریس پارٹی میں شامل ہوں گے۔ پارٹی کے قائدین پوری طرح مقامی اداروں کے انتخابات پر توجہ دیں۔ مقابلہ کرنے والے امیدواروں کو تیار کرنے پر زور دیا۔2